عدالتی ازخود نوٹس کے بعد محکمہ صحت میں بہتری کی ابتدا ہوگئی

عدالتی ازخود نوٹس کے بعد محکمہ صحت میں بہتری کی ابتدا ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)عدالتی ازخود نوٹس کے بعد صوبائی محکمہ صحت میں بہتری کی ابتدا ہوگئی ہے۔ 3سال بعد سیکریٹری بورڈ کی تقرری ہوئی تو ناقص اور جعلی ادویہ کے مکروہ کاروبار کے خلاف کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا گیا۔بدھ کو 3 سال بعد ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے سیکریٹری کی تعیناتی کے بعد کوالٹی کنٹرول بورڈ کا دوسرا اجلاس چئیرمین کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ اور اسپشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ اکرم خواجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔بورڈ نے 4 ادویہ ساز اداروں کے کیسز کارروائی کے لئے ڈرگ کورٹ بھیجنے کی منظوری دی۔ جبکہ ایک ملٹی نیشنل کمپنی کو وارننگ لیٹر جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک میڈیکل اسٹور کا لائسنس ڈرگ ایکٹ کی خلاف وزی پر منسوخ کردیا گیا جبکہ ایک فارمیسی کا لائسنس تین ماہ کے لئے معطل کردیا گیا۔ چئیرمین کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ اور اسپشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ اکرم خواجہ اور سکریٹری بورڈ عدنان رضوی کا کہنا تھا کہ بورڈ کے ممبران تمام زیر التوا کیسز کو جلد از جلد نمٹائیں اور ڈرگ انسپکٹرز کو پابند کیا جائے کہ کوئی بھی غیر معیاری اور جعلی ادویہ بنانے اور فروخت کرنے والے اداروں کے خلاف ڈرگ ایکٹ کیمطابق فوری کارروائی عمل میں لائیں۔