گورنر سندھ محمد زبیر سے فرانس کے سفیر مارک بریٹی کی ملاقات

گورنر سندھ محمد زبیر سے فرانس کے سفیر مارک بریٹی کی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر سے فرانس کے سفیر مارک بریٹی Barety Marc نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر فرانس کے قونصل جنرل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک فرانس باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار ،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 ء سے مختلف اور امن و امان کے لحاظ سے بہت بہتر ہے،حکومت کے اقدامات کے باعث توانائی کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں،فرانس کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے فائدہ اْٹھائیں،پاک فرانس اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان چین دوستی کے لازوال منصوبہ سے عالمی سطح پر تجارتی ، معاشی ، اقتصادی اور کاروباری کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس میں پاکستان کو کلیدی اہمیت جبکہ گوادر اور کراچی کو عالمی تجارتی سرگرمیوں میں مرکزیت حاصل ہوگی ، سی پیک سے خطہ میں خوشحالی اورترقی سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فرانس دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے لئے مارک بریٹی کی کا وشیں اہم ثابت ہورہی ہیں ، دو طرفہ سرمایہ کاری ، تجارت اور وفود کے تبادلوں سے مستحکم اور مضبوط تعلقات کی بنیادسے دوطرفہ عوام بھی بھرپور استفادہ حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ مفاد اور خطہ کی خوشحالی و ترقی کے لئے پاکستان فرانس سے مزید مستحکم اور مضبوط تعلقات کا خواہش مند ہے ، خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے فرانس کی سرمایہ کاری ، تجارت اور معاشی سرگرمیاں اہم ثابت ہو سکتی ہیں ۔ ملاقات میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی نے کہا کہ پاک فرانس دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ باہمی احترام کے رشتہ سے منسلک ہو چکے ہیں ، فرانس خوشحال ، ترقی یافتہ اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان کا خواہش مند ہے اس ضمن میں پاکستان سے فرانس کا تعاون جاری رہے گا ،صوبہ با الخصوص کراچی امن و امان کے قیام کے بعد سرمایہ کاروں کے پرکشش اہمیت کے حامل ہے دیگر سرمایہ کاروں کی طرح فرانس کے سرمایہ کار بھی کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے محفوظ ملک بن چکا ہے جو ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، مستقبل کا پاکستان پر امن ، خوشحال اور ترقی یافتہ نظر آرہا ہے ، معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان سے ہی خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ خوشحالی یقینی ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...