اے این پی کے پاس عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں : جمشید الدین

اے این پی کے پاس عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں : جمشید الدین

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائیز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کا سیاسی نظریہ عوام کیلئے کھلی کتاب کیطرح ہے وہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ان کے دلوں سے اپنے دور اقتدار کے سیاہ کارنامے نہیں نکال سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزنوشہرہ میں اپنی رہائش گاہ پرمختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ میاں جمشید الدین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں اور نہ ہی انہیں عوامی مسائل کا کوئی ادراک ہے۔ ان کا منشور ایزی لوڈ ہے جس کے حصول کیلئے وہ عوام کے سامنے ناقابل یقین وعدے کر رہے ہیں جبکہ عوام انکے جلسوں کو محض سیر و تفریح کے علاوہ کوئی اہمیت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے غریب لوگوں کی فلاح کیلئے دن رات محنت کی ہے اور نظام کو عوامی توقعات اور مفادات کے مطابق بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوامی حلقے موجودہ حکومت کے اداروں کی اصلاح کے عمل کے تسلسل پر زور دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابت میں عوام مسترد شدہ سیاستدانوں کو سیاسی منظر نامے سے یکسر غائب کر دینگے۔

Ba

مزید : کراچی صفحہ اول