گندم کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق رکھنے کیلئے کوشاں ہیں : قلندر لودھی

گندم کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق رکھنے کیلئے کوشاں ہیں : قلندر لودھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے بدھ کے روز پشاور میں غلہ گوداموں کے مراکز کادورہ کیا اور متعلق حکام کی جانب سے گندم کو محفوظ رکھنے ،اسکی ترسیل کوسہل اورسستا بنانے اورشفافیت اورصفائی کے نظام کو یقینی بنانے کے امور کاتفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پراراکین صوبائی اسمبلی محمود جان، زرین گل اورسردار حسین سمیت ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خوراک خائستہ خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک نثاراحمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران کوہاٹ روڈ پر پشاورکے مرکزی غلہ گوداموں کے نئے تعمیر ہونے والے کمروں کابھی افتتاح کیاجبکہ زیر تعمیر گوداموں پر کام کی رفتار اورمعیار کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے کام کے معیار اور گوداموں کے مراکز کی صفائی ستھرائی اورشفافیت پراطمینان کااظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کومحفوظ رکھنے کے سلسلے میں تمام تراقدامات اٹھا رہی ہے اور متعلقہ عملہ بھی اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار اداکرے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ خود بھی مراکز کے دورے کرتے رہیں گے اور البتہ کسی قسم کے مسائل یامنصوبوں کی تکمیل میں دشواری کاسامنا ہو تو اسے بروقت ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ انہیں فور ی حل کیاجائے۔