قائمہ کمیٹی برائے خوراک کا غلہ گوداموں کا دورہ

قائمہ کمیٹی برائے خوراک کا غلہ گوداموں کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خوراک کے ممبران نے بدھ کے روز رکن صوبائی اسمبلی اور کمیٹی کے چےئرمین بخت بیدار خان کی قیادت میں غلہ گودام اضاخیل نوشہرہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی اور کمیٹی کے ممبران محمود جان ،سردار حسین اور زرگل کے علاوہ محکمہ خوراک کے ایڈیشنل سیکرٹری خائستہ رحمان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک نثار احمد اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ تھے جہا ں انہوں نے گوداموں میں رکھی گئی گندم کے معیار اور مقدار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ارکین کمیٹی نے گودام کے انجارج ڈی ایف سی سے گوداموں میں رکھی گئی گندم کے ریکارڈ کے بارے میں دریافت کیا جسکی وہ صحیح طور پر تفصیلات فراہم نہ کر سکے اور کمیٹی کے ممبران نے پیش کردہ تفصیلات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں مکمل تحقیقات کی جائیں گی ۔ بعد ازاں قائمہ کمیٹی کے ممران نے پشاور کے غلہ گوداموں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور اس دوران پیش کئے گئے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تا ہم کمیٹی کے چےئرمین نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اضلاع کو ان کے قریب ترین واقع سرکاری غلہ گوداموں سے گندم فراہم کریں تا کہ ترسیلی اخراجات کم سے کم ہوں۔ کمیٹی کے اراکین کو بتایا گیا کہ پشاور میں 25 غلہ گودام ہیں جن میں 23 ہزار 260 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہیں جو ضلع پشاور کی ضرورت کے لئے کافی ہے۔