سرخ و سبز جھنڈوں اور شریعت کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا : اسد قیصر

سرخ و سبز جھنڈوں اور شریعت کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا : اسد قیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں سرخ وسبز جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔انہوں نے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی طرف کوئی توجہ دی ۔انہوں نے کہا کہ اب کرپشن جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کوحقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔این اے ۔13کے ہر گھر کوسوئی گیس کی فراہمی کیلئے مزید 18کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔ٹوپی ہسپتال کو جلد کیٹیگری سی میں اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔بادہ ڈیم اور اوتلہ ڈیم کی تعمیر سے گدون کے عوام کو پانی کی فراہمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوجائے گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوابی کے موضع ٹوپی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسہ سے تحصیل نا ظم ٹوپی سہیل خان یوسفزئی ،حاجی رنگیز خان ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبہ میں مقبول ترین پارٹی ہے ۔آئندہ صوبے کے ساتھ ساتھ مرکز میں بھی پاکستان تحریک انصا ف کی مضبوط حکومتیں قائم ہوں گی اور عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایم ایم اے کی حکومت کی نسبت کہیں زیادہ اسلامی قوانین پاس کرکے اسلام پسندی کا ثبوت دیا ۔ صوبائی حکومت نے سکولوں اور ہسپتالوں میں ریفارمز کئے جسے عوام نے پذیرائی بخشی ۔سپیکر نے کہا کہ وہ ذاتی مفادات کی سیاست کے قائل نہیں بلکہ ان کا مطمع نظر عوام کی حقیقی خوشحالی اور ضلع صوابی کی ترقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ سیاست نئی نسل کے بہتر وتابناک مستقبل کیلئے کرنے کا عہد کئے ہوئے ہیں ۔سپیکرنے کہا کہ صوبائی حکومت نے 80ارب روپے لوکل گورنمنٹ کو فراہم کئے ہیں تاکہ مقامی نمائندے عوام کو بنیادی سہولتیں بہتر انداز میں مہیا کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوابی کے عوام کو محرومیت کا شکار کرنے والی اے این پی اب کس منہ سے صوابی کے عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے ۔جبکہ مسلم لیگ کی گذشتہ دونوں حکومتوں کے ادوار میں کبھی گدون کی مراعات چھینی گئی اور کبھی صوابی کے حصے کا پانی چوری کرکے عوام کا روزگار چھینا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام مفاد پرست سیاست دانوں سے بخوبی واقف ہو گئے ہیں ،اور آئندہ ان کے فریب بھرے نعروں میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوابی کے لوگ غیور پختون ہیں وہ ایک ہی سوراخ سے باربار نہیں ڈسے جا سکتے ۔عوام باشعور ہیں وہ عوام کی خوشحالی اور ضلع کی ترقی چاہتے ہیں اور انشاء اللہ وہ آئندہ بھی عوام دوست لوگوں کا انتخابات عمل میں لائیں گے ۔