جنوری 2018، ضلع ملتان میں 5افراد قتل، چوری، ڈکیتی کی 150وار داتیں

جنوری 2018، ضلع ملتان میں 5افراد قتل، چوری، ڈکیتی کی 150وار داتیں

ملتان(رپورٹ: شیخ ارسلان ) سال2018ء کا جنوری ضلع ملتان میں5قتل27خواتین اغوا 16بد اخلاقی جبکہ ایک خاتون اجتماعی بد اخلاقی کا شکار،چوری ڈکیتی و رہزنی کی ڈیڑھ سو وارداتیں ڈولفن کا قیام بے سود ثابت ماہ جنوری کے دوران ضلع ملتان میں 5 افراد قتل ہوئے ۔ان میں 28سالہ اللہ دتہ جس کی لاش موضع نانڈلہ کے باغ سے ملی ۔ جسے تیز دھار آلہ کی مدد سے جسم کے مختلف حصوں پرزخم لگا کر بے رحمی سے قتل کیا گیا ۔اسی طرح بستی ملوک کے علاقے میں40سالہ محمد یاسین کو اس کے سالے نے قتل کردیا۔جبکہ تھانہ صدر کے علاقے کوٹلہ وارث شاہ کی رہائشی خاتون 26 سالہ روبینہ گھر میں چارپائی پر جھلسی ہوئی حالت میں ملی،اسی طرح 23جنوری کے دن شہر کے مختلف مقامات سے 3لاشیں برامد ہوئیں۔ تھانہ مظفر آباد کے علاقہ ڈریم گارڈن کے قریب نہر سے 30سالہ غلام فرید کی گلے میں پھندا لگے لاش ملی تھی جبکہ اسی روز مخدوم رشید کے نواحی علاقے چاہ ملک والہ سے 22 سالہ نامعلوم لڑکی کی لاش برآمدہوئی تھی۔نامعلوم لڑکی کے گلے پر تیز دھار آلے کے نشانات موجود تھے۔اس کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے۔اسی روز بی زیڈ کے علاقہ سے ذیشان نامی شخص کی لاش ملی ۔جبکہ شہر کے مختلف مقامات سے 4نامعلوم لاشیں برامد ہوئیں۔جن کی موت کی وجہ نشے کی زیادتی بتائی گئی۔ماہ جنوری کے دوران 5بڑی واداتیں ہوئیں ،ان میں بستی خداداد میں مائیکرو فنانس بنک میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 7 لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہو ئے ،اسی طرح، تھانہ مظفر آباد کے علاقہ میں مسلح ڈاکووں نے بلوچستان سے آئے مویشیوں کے بیوپاری حاجی عبدالرزاق سے 18لاکھ 50ہزار چھین لیے جبکہ،مزاحمت پر بیو پاری کی کار پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔اسی کینٹ کے علاقہ قائد اعظم روڈ میں صدر چیمبر آف کامرس ملتان ملک اسرار اعوان کے گھر سے ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا چوری ہو گیا۔جبکہ کڑی جمنداں میں کپڑے کے تاجر ذیشان کے گھر 3ڈاکو 45 تولہ سونا، 19 لاکھ اور 200 گرام چاندی لوٹ کر لے گئے۔ شاہ رکن عالم میں تاجر آصف کے سے لاکھوں روپے مالیت کے40تولے طلائی زیورات چوری کر لیے گئے ان وارداتوں میں ایس پی کینٹ ڈاکٹر فہد اور ان کی ٹیم نے دو بڑی وارداتیں ٹریس کر لیں۔ان میں مائیکرو فنانس بینک ڈکیتی میں ملوث8 ڈاکو وں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4لاکھ روپے برامد کرلیے۔جبکہ ملک اسرار اعوان کے گھر ہونے والی 1کروڑ مالیت کی چوری میں ملوث ملزم اشفاق کو گرفتار کر کے طلائی زیورات برامد کرلیے گئے ۔سال2018ء کے پہلے ماہ ضلع ملتان میں سرقہ بالجبر نقب زنی،رہزنی ،چوری ،اور ڈکیتی کی ڈیڑھ سو واردا تیں ہوئیں۔ جن میں سٹریٹ کرائم کی شرح زیادہ ہے،تاہم اس بارے حکومت پنجاب کی جانب سے قائم کردہ ڈولفن فورس سے کوئی خاطر خواہ نتائج نہ ملے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر