میلسی عالم پور میں قبریں کھود کر کمسن بچوں کی لاشیں نکالنے کا انکشاف


میلسی(نمائندہ پاکستان) نواحی موضع عالمپور کے قبرستان سے پر اسرار طورپر قبریں کھود کر کمسن بچوں کی لاشیں نکالنے کا انکشاف دو سالہ بچے اور تین سالہ بچی کی وفات کے تیسرے روز ہی پر اسرار طور پر قبریں کھود کر لاشیں نکال لی گئیں اہل علاقہ نے موقع سے ملنے والے کفن دوبارہ قبروں میں رکھ کر قبریں بند کیں اور درجنوں افراد نے قبرستان میں پہرہ دینا شروع کر دیا اہل علاقہ کی جانب سے نامعلوم خونخوار جانور یا کسی " بلا" کی کاروائی کا خدشہ ۔تفصیلات کیمطابق نواحی موضع عالمپور کے قدیمی قبرستان ابن پیر میں پر اسرار طور پر لاشوں کو غائب کرنے کے واقعات نے اہل علاقہ کو خوف اور تشویش میں مبتلا کر دیا کوئی نامعلوم شخص یا جنگلی جانور قبرستان کی ایسی تازہ قبروں کو کھود کر دفن کیئے جانے والے کمسن بچوں کو نکال کر ان کی لاشیں غائب کرنے میں مصروف ہے اس امر کا انکشاف علاقہ کے رہائشیوں ملک فیض بخش، ملک غلام حسین بھٹو، محمد ممتاز حسین، مہر اللہ بخش، احمد بخش، حسن بخش، عطاء محمد ، چوہدری چراغ دین، محمد یوسف، اور دیگر نے کرتے ہوئے بتایا کہ محمد مشتاق کی تین سالہ بیٹی کی وفات اور تدفین کے تیسرے روز ہوا جب اہل علاقہ نے بچی کی کھودی گئی قبر کو دیکھ کر ورثاء کو اطلاع دی اس دوران اہل علاقہ جمع ہو گئے اور اس سے چند دن قبل وفات پانے والے شاہ محمد کے دو سالہ پوتے کی قبر بھی کھودی ہوئی ملی اور دونوں کمسن بچوں کی لاشیں قبروں سے غائب پائی گئیں صرف قبروں سے باہر کفن موجود تھے جو مٹی سے اٹے ہوئے پائے گئے اہل علاقہ نے قبروں کے اندر اور قبرستان کے پورے علاقے میں دفن شدہ بچوں کی لاشوں یا ان کی باقیات کو ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن کوئی سراغ نہ ملا جس پر علاقہ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور اہل علاقہ نے نا معلوم شخص یا جنگلی درندے کا سراغ لگانے کیلئے مسلح ہو کر مسلسل دو راتیں قبرستان میں پہرہ دیا لیکن تیسری رات وقفہ کرنے پر قبرستان کی ایک ہی رات میں متعدد قبروں کو کھودا گیا تا ہم قبریں پرانی ہونے کی بناء پر مردوں کو کوئی نقصان نہ پہنچایا گیا گذشتہ شب بھی اہل علاقہ نے مسلح ہو کر پہرہ دیا تو ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آیا اہل علاقہ نے کسی جنگلی جانور کی کاروائی کے خدشے کے پیش نظر میونسپل کمیٹی میلسی کی فائربرگیڈ کی گاڑی کے ذریعے قبرستان میں موجود ایک کھودی گئی سرنگ میں کئی گھنٹے تک پانی ڈالا اور بعد ازاں مٹی ڈال کر مذکورہ سرنگ کو بند کر دیا تا ہم دو کمسن بچو ں کی غائب ہونے والی لاشیں اب تک معمہ بنی ہوئی ہیں اہل علاقہ کی جانب سے بتائی گئی تفصیلات کے مطابق ملنے والے کفن مکمل طور پر ثابت حالت میں موجود تھے جس سے کسی جنگلی جانور کی کاروائی کی بجائے خدشہ ہے کہ یہ کسی نامعلوم شخص کی کارستانی ہو سکتی ہے ملک بھر میں کمسن بچوں کے ساتھ ہونے والے واقعات کی بھر مار کے بعد موضع عالمپور کے قبرستان ابن پیر سے دو فوت ہونے والے بچوں کی لاشوں کو غائب کرنے کے واقعہ نے اہل علاقہ کو شدید تشویش اور خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا اس موقع پر اہل علاقہ نے واقعہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...