پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں مثالی نمونہ ہے، عرفان صدیقی


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لیے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی باہمی دوستی انتہائی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے جسے دنیا بھر میں ایک مثالی نمومہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ جِنگ (Yao Jing) سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے چین کے نئے سفیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کا قیام دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور علمی، ادبی اور تہذیبی رشتوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ عرفان صدیقی نے چینی سفیر کو اپنے ڈویژن کے تحت چلنے والے مختلف اداروں کے مقاصد اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چینی سفیر کو بتا یا کہ اُردُو ڈکشنری بورڈ ایک معیاری چینی اُردُو لُغَت پر کام کر رہا ہے جس کا صوتی ایڈیشن انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی طرف سے چینی کہانیوں کے تراجم کا ایک سیٹ بھی چینی سفیر کو پیش کیا اور کہا کہ ہم چینی ادب کے اُردُو میں تراجم کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ عرفان صدیقی نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایک قومی عجائب گھر تعمیر کرنے کے منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے جس کے لئے چین کی رہنمائی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ چین کے سفیر یاؤجِنگ نے کہا کہ مجھے آپ کے ڈویژن کی شاندار کارکردگی کا پہلے سے علم ہے۔ انہوں نے چینی اُردُو ڈکشنری اور بچوں کے لئے چینی کہا نیوں کے تراجم میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ چینی سفیر نے میوزیم کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن راہنمائی اور مدد کا یقین دلایا۔ ملاقات میں چینی سفارت خانے کے کلچرل ونگ کے سربراہ مسٹریُویی (You Yi) اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری سید جنیداخلاق بھی موجود تھے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...