مظفرآباد میں3فروری کو بنیادی مسائل پراحتجاجی دھرنا دیاجائیگا،شیخ عقیل

مظفرآباد میں3فروری کو بنیادی مسائل پراحتجاجی دھرنا دیاجائیگا،شیخ عقیل

مظفرآباد(بیورورپورٹ)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر وچیئرمین آل پارٹیز کانفرنس مظفرآباد شیخ عقیل نے کہا ہے کہ 3فروری کو مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس کے زیر اہتمام بنیادی مسائل پر احتجاجی دھرنا دیاجا ئے گا جس میں مظفرآباد کی تمام دینی وسیاسی اور سماجی قیادت،تاجر تنظیموں کی قیادت شرکت کرے گی۔حکومت کو 2سال گزرنے کے باوجود بھی دارالحکومت کے بنیادی مسائل کے حل کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔پانی کی بھی قلت ہے ۔بے جا ٹیکسز لگائے جارہے ہیں۔ملازمین اپنے مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر ہیں ان کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں۔پی ٹی وی ملازمین بھی مستقل نہیں ہو سکے۔تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کیلئے جو بیرون ملک وفود بھیجے جاتے ہیں وہ رقص وسرور کی محفلیں سجانے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ہسپتالوں کی صورتحال دگرگوں ہے نہ ڈاکٹرز دستیاب ہیں اور نہ ہی ادویات میسر ہیں۔ٹریفک بے ہنگم ہے جو کہ قابو سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے بس صرف وی آئی پی کو پروٹوکول دے رہی ہے ۔ان تمام مسائل کے حل کیلئے آل پارٹیز کانفرنس برہان وانی چوک میں 3فروری کو احتجاجی دھرنا دے گی ۔حکومت نے اگر نوٹس نہ لیا تو پھر مارچ کرنے پرمجبور ہوں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر