نواز شریف ،شاہد خاقان کا 5فروری کو مظفر آباد میں پرتپاک استقبال کیا جائیگا:وزرا آزاد کشمیر

نواز شریف ،شاہد خاقان کا 5فروری کو مظفر آباد میں پرتپاک استقبال کیا ...

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کابینہ کے وزراء وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ،وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصرحسین ڈار ،وزیراعظم کے مشیر سردار خان بہادر خان ،معائینہ وعملدرآمد کمیشن کے چئیرمین کرنل (ر)وقار احمد نور اور ممبران اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل گجر ،حاجی جاوید اختر،راجہ محمد صدیق خان اور سابق رکن اسمبلی اور مسلم لیگ (ن)ضلع بھمبر کے صدر راجہ مقصود احمد نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے 5فروری کے دورہ آزاد کشمیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام ،مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلم لیگی قائدین کا مظفرآباد پہنچنے پر انتہائی والہانہ ،شاندار اور تاریخی استقبال کر کے کشمیریوں اور اہل پاکستان کے تاریخی روابط کے ساتھ ساتھ سیاسی اور نظریاتی قیادت کے درمیان رشتوں اور تعلقات کا ر کو نہ صرف بدلتے ہوئے حالات میں زیادہ فعال اور مستحکم بنائیں بلکہ ملکی،علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کی جدوجہد کو زیادہ مؤثر انداز سے اجاگر کرنے کی کوششوں کو بھی تیز تر کیا جائے ۔قائد پاکستان اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور ان کے ساتھیوں کے 05فروری کے مجوزہ دورے کے حوالے سے اپنے خیر مقدمی بیانات میں آزاد کشمیر کابینہ کے وزراء ،حکومتی معاونین ،مسلم لیگی راہنماؤں اور عہدیداروں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کی مظفرآباد آمد کے موقع پر ایک یادگار اور فقیدالمثال استقبال کر کے موجودہ صورتحال میں ایک مرتبہ پھر اس حقیقت کو ثابت کرے گی کہ کشمیریوں اور پاکستان کے تاریخی اور نظریاتی رشتے لازوال ہیں اور پاکستان کی بانی جماعت مسلم لیگ نے کشمیریوں کی آزادی اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر دور میں جو تاریخ ساز جدوجہد کی ہے ،کشمیری عوام اور ان کی قیادت اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ صدر مسلم لیگ (ن)وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں انشاء اللہ مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر 5فروری کے یوم اظہار یکجہتی کے پروگراموں کو مثالی بنائے گی اور میاں محمد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کی کشمیریو ں کے لیے گرانقدر خدمات پر ان کو 5فروری کے بڑے جلسہ عام سمیت دیگر تقریبات میں زبردست خراج پیش کیا جائے گا ۔انہوں نے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع اور حلقوں کے علاوہ کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان ، مسلم لیگی کارکنوں ،یوتھ اور ایم۔ایس۔ایف کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ 5فروری کے یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والے مظفرآباد کے بڑے استقبالیہ پروگرام اور تاریخی جلسہ عام میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...