ترک سماجی تنظیم کے وفد کا الخدمت واٹر فلٹریشن پلانٹس کا دورہ

ترک سماجی تنظیم کے وفد کا الخدمت واٹر فلٹریشن پلانٹس کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کے تحت لانڈھی اور بفرزون میں قائم واٹرفلٹریشن پلانٹس کا ترکی کی سماجی تنظیم ٹکا(TIKA)کے ذمہ دار ابراہیم کٹراسی نے دورہ کیا ۔اس موقع پرقائم مقام چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی راشدقریشی ، منیجر کوآرڈینیشن سرفرازشیخ اور شعبہ کلین واٹر کے ذمہ داران اورعلاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ مسٹرابراہیم کٹراسی نے ان پلانٹس کا تفصیلی معائنہ کیا ۔انہیں پلانٹس کے سسٹم، لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی ،پلانٹس کے مرمت و غیرہ کے امور کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پرابراہیم کٹراسی نے کہا الخدمت کراچی کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رکے ایک بہت بڑی خدمت انجام دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی اور صاف پانی کا معیار دیکھ کر انہیں خوشی ہو ئی ہے ،انھوں نے امید ظاہر کی کہ الخدمت ایسے مزید پلانٹس بھی لگائے گی تاکہ لوگوں کو صاف پانی میسر آسکے،ہم الخدمت کی خدمات کی قدر کرتے ہیں ۔انہوں نے الخدمت کو اپنی تنظیم کی جانب سے مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر راشد قریشی نے مہمانان کو بتایاکہ اس وقت شہر میں 27واٹر فلٹریشن پلانٹس لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے میں مصروف ہیں ۔الخدمت کے پلانٹس سے سالانہ لاکھوں لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ ترک تنظیم ٹکا(TIKA) الخدمت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ۔ انھوں نے ترکی کی تنظیم ٹکا (TIKA) کا واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب میں تعاون کے حوالے سے شکریہ ادا کیا۔