نیب کی حدیبیہ پیپر ملز کیس نظرثانی کیلئے سپریم کورٹ میں لارجر بنچ تشکیل دینے کی درخواست
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) نیب نے حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس نظرثانی کے لئے سپریم کورٹ میں لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست دائر کردی۔
سپریم کورٹ میں نیب کی جانب سے دائر درخواست میں شریف خاندان کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس نظرثانی کے لئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017 کو حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے سے متعلق تمام درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا،اس حوالے سے سپریم کورٹ کے 5 جنوری کو جاری 36 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اسحاق ڈار کے بیان کو درست تسلیم کر بھی لیا جائے تو اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں بنتی، وجہ یہ ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو جرح کا قانونی حق نہیں دیا گیا۔
فیصلے میں لکھا گیا کہ ریفرنس کو بلاوجہ لمبے عرصے کے لیے لٹکایا گیا اور جے آئی ٹی رپورٹ میں بھی کچھ نیا نہیں ہے ۔