پی ایس ایل 6، ٹیموں میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں،شعیب نوید
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید نے کہا ہے کہپی ایس ایل 6کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں پی ایس ایل کے پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید نے کہا کہ ابھی تک آئندہ ایڈیشن کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں،اس طرح کاکوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل فرنچائزز کے ساتھ بات کریں گے، یہ بھی جائزہ لینا ہوگا کہ تماشائیوں کی دلچسپی اور کمرشل معاملات سمیت اس کی کتنی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ 1996کے بعد اب پہلی بار پی ایس ایل کی صورت میں پی سی بی کسی ایسے میگا ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے جس کے میچز مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ ایک ہی روز 2 مختلف وینیوز پر میچز شیڈول کیے جانے کی وجہ سے انتظامی معاملات انتہائی اہم ہیں، البتہ میں ایک بات کا یقین دلاتا ہوں کہ ہماری طرف سے بھرپور تیاریاں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مجھے یہ بات تسلیم کرنے میں عار نہیں کہ عالمی سطح پر اسی نوعیت کے دیگر ایونٹس کے مقابلے میں ہم انتظامی مہارت میں پیچھے ہیں،ابھی ہم سیکھنے کے مراحل میں ہیں،آئندہ برسوں میں ایونٹس کا مزید بہتر انداز میں انعقاد کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
شعیب نوید نے کہا کہ رواں سال پی ایس ایل کے دوران کرکٹرز کو ویسی ہی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جو پاکستان میں حالیہ انٹرنیشنل میچز کے دوران دیکھنے میں آئی تھی۔