فیڈمک کا جدید کسٹمر سروس اینڈ سپورٹ سنٹڑ قائم کرنے کا فیصلہ

فیڈمک کا جدید کسٹمر سروس اینڈ سپورٹ سنٹڑ قائم کرنے کا فیصلہ

  



فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئر مین میاں کاشف اشفاق نے بتایاکہ فیڈمک نے آئندہ 2ماہ کے دوران ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ کسٹمر سروس اینڈ سپورٹ سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مذکورہ جدید سہولیات سے آراستہ سنٹر میں پولیس خدمت سنٹر، ایف بی آر، نادرا، فیسکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل اور جی پی او سمیت ہر سرکاری ادارے کے نمائندے موجود ہوں گے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو مختلف سرکاری اداروں سے متعلقہ کاموں کی تکمیل کیلئے بار بار شہر کا رخ نہیں کرنا پڑے گا نیز فیڈمک کے دفاتر بھی جلد انڈسٹریل سٹیٹ منتقل کئے جا رہے ہیں۔ جمعہ کے روز ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت کے دوران میاں کاشف اشفاق نے بتایاکہ فیڈمک چھوٹے سرمایہ کاروں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریباً 100ایکڑ پر کامن وئیر ہاؤسز کے قیام پر بھی کام کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں کچھ مقامات کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے جہاں تعمیر کئے جانے والے مذکورہ وئیر ہاؤس لاجسٹکس کمپنیوں، صنعتی اداروں اور دیگر سرمایہ کاروں کو لیز کی بنیاد پر فراہم کئے جائیں گے اس طرح انہیں اپنی مصنوعات یا خام مال کو محفوظ کرنے اور اس کی نقل و حمل سے متعلق الگ سے انتظام کرنے یا سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے بتایاکہ فیڈمک کے ابتدائی تخمینے کے مطابق تینوں اکنامک زونز میں اگلے چار سال کے دوران مختلف شعبہ جات میں مجموعی طو پر چار لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ملازمین کی ضرورت ہو گی لہٰذا اس سلسلہ میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کیلئے فیڈمک کے جرمن ادارے ”جی آئی زیڈ“،فوجی فاؤنڈیشن اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے معاہدے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ فیڈمک کی طرف سے انہیں اکنامک زون میں جگہ فراہم کی جائے گی اور یہ ادارے یہاں تربیتی مراکز قائم کریں گے جبکہ اس حوالے سے انڈسٹری سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ ان کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے جس کے ساتھ ساتھ پہلے سے قائم فنی تربیت کے اداروں کو بھی افرادی قوت کی تربیت کے پراجیکٹ کا حصہ بنایا جائے گا اور درکار افرادی قوت کی جلد سے جلد تربیت کیلئے خصوصی سنٹر بنائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ ا س سلسلہ میں مختلف شعبہ جات کیلئے درکار افرادی قوت کو پورا کرنے کیلئے لیبر کو ایڈوانس جاب کنٹریکٹ دے کر تربیت فراہم کی جائے گی اور تربیت مکمل ہوتے ہی انہیں ملازمت پر رکھ لیاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ ایک اندازے کے مطابق آئندہ سال تک یہاں 70ہزار افراد کو روزگار ملے گا جبکہ پہلے سال میں صرف چینی زبان پر عبور رکھنے والے 20ہزار مقامی افراد کوملازمت ملے گی۔ انہوں نے بتایاکہ فیڈمک نے اکنامک زونز کے قریبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا اس حوالے سے یہ طے کیا گیا ہے کہ 25فیصد ملازمتیں مقامی آبادی کو دی جائیں گی جس کے ساتھ ساتھ اکنامک زون میں اراضی کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک فیصد مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

مزید : کامرس