خواتین کوروزگاری کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ملک شوکت

خواتین کوروزگاری کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ملک شوکت

  



پشاور (سٹاف رپورٹر) ڈیڈک مردان کے چئیرمین ایم پی اے ملک شوکت خان اور ڈپٹی کمشنر محمد عابد خان وزیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت غریب، نادار، معزور اور بیوہ خواتین کے لئے روزگار کے موزوں مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھار ہی ہے تاکہ ان غریب اور نادار خواتین کو گھر بیٹھے روزگار کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غریب اور نادار خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم کرنے کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے ساجدہ حنیف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد خان، اسسٹنٹ کمشنر مردان گل بانو، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر سید علی بخش کے علاوہ سابقہ بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر سید علی بخش نے متعلقہ حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت کے اے ڈی پی سے منظور شدہ بجٹ سے ضلع بھر کی تمام یونین کونسلوں، دستکاری سنٹروں، دسٹرکٹ جیل میں قید خواتین اور اقلیتی برادری کی غریب، نادار، معذور اور بیوہ خواتین میں سے 2300سلائی مشینیں ضلع بھر کے منتخب نمائندوں کے ذریعے تقسیم کی جائینگی۔ ڈیڈک چیئرمین ملک شوکت خان نے کہا کہ ملک میں خواتین کی شرح آبادی کافی زیادہ ہے اس لئے مرکزی اور صوبائی حکومتیں غریب نادار، بیوہ، اور معذور خواتین کے لئے خصوصی طور پر صحت کارڈ تقسیم کررہی ہے۔ اور وزیر اعظم پاکستان کے احساس پروگرام کے تحت ان خواتین کے لئے روزگار اور مالی امداد کا بھی جلد از جلد بندوبست کیا جارہا ہے تاکہ انصاف ان کے دہلیز پر پہنچایا جاسکے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر