خیبر پختونخوا کے محکمہ اوقاف کی جائیدادوں سے متعلق اہم اجلاس
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اوقاف، حج اورمذہبی امور ظہور شاکر کی زیر صدارت ان کے دفتر پشاور میں جمعے کے روز ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف کی صوبے میں شہری اور دیہی علاقوں میں پراپرٹیز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف فرح سیئر، ایڈمنسٹریٹر اوقاف شرافت ا للہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری جہانزیب خان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ ا وقاف کے اس وقت صوبے میں شہری اور دیہی علاقوں میں زمینوں کی آمدن تقریبا24بلین روپے سے زیادہ ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پشاور میں 09کمرشل جگہوں پر پلازے اور فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے جس سے محکمے کے محاصل مزید بڑھیں گے۔اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ محکمہ اوقاف کی پراپرٹی صوبے کے اہم مقامات واقع ہے جس سے کمرشل بنیادوں پر استفادہ کیا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ایگرو بزنس پلان پر عمل درآمد سے صوبے کے محاصل مزید بڑھیں گے اور مذکورہ پلان سے عوام کو بھی سیر و تفریح کے کافی مواقع حاصل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے بھی کافی مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے موجودہ کرایہ دار وں اور لیز ہولڈر ز کی مشکلات کم کرنے اور ان کو ریلیف دینے لئے صوبائی حکومت کوشاں ہے۔معاون خصوصی نے کہا پی ٹی آئی کے تمام عوامی نمائندے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف عمل ہیں۔