کرپشن ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے‘ شفیع اللہ خان

کرپشن ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے‘ شفیع اللہ خان

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ بدعنوانی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور وہی معاشرہ ترقی کرسکتا ہے جو بدعنوانی اور ناانصافیوں سے پاک ہو۔اس لیے محکمہ اینٹی کرپشن کو بدعوانی کا قلع قمع کرنے کے لیے مزید بااختیار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز محکمہ انسداد بدعنوانی کے دفتر حیات آباد پشاور میں دی گئی بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈی جی اینٹی کرپشن عثمان زمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی کو ڈی جی اینٹی کرپشن عثمان زمانے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ کی اب تک کی کارکردگی، انسداد بدعنوانی کی روک تھام کے طریقہ کار،حاصل کردہ اہداف،درپیش مسائل اور استدادکار سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔شفیع اللہ خان نے محکمہ کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں کرپشن کا خاتمہ سرفہرست ہے اور صوبائی حکومت محکمہ اینٹی کرپشن کو جدید سہولیات سے آراستہ کر رہی ہے تاکہ وہ عوامی توقعات کے مطابق اہداف حاصل کرسکے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور رشوت ستانی نہ صرف ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے بلکہ پائیدار معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر نے کا باعث ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر طبقہ فکر اس کے خلاف آگاہی مہم میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے ملازمین کو جدید تربیت سے روشناس کرنے کے ساتھ ای فائلنگ سسٹم، جدید سو فٹ و یئرز،بائیو میٹرک سسٹم لگائے جائیں گے اور ٹیم ورک کی حیثیت میں کام کرتے ہوئے محکمہ کو مزید بہتر بنائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر