نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پلاٹ مالکان میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم

نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پلاٹ مالکان میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  


لاہور (جنرل رپورٹر)وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت ”اخوت“ کے زیر اہتمام چھوٹے پلاٹس کے مالکان میں تین کروڑ روپے سے زائد کے چیک تقسیم کئے۔ اخوت کی طرف سے دیئے جانے والے بلاسود قرض کے یہ چیک ان پلاٹس کے مالکان کو گھروں کی تعمیر کے لئے فراہم کئے گئے ہیں۔ چیک تقسیم کرنے کی تقریب جامع مسجد شاہ جیلانی روڈ ٹاؤن شپ لاہور میں ہوئی جس میں اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹری ہاؤسنگ ندیم محبوب اورچیک وصول کرنے والوں نے شرکت کی۔ میاں محمودالرشید نے کہا گھروں کی تعمیر کے اس پروگرام کواخوت کے اشتراک سے مزید توسیع دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل جاری ہے اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پراجیکٹ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

میاں محمود الرشید نے بتایاکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور پرائیویٹ بلڈرز اور ڈویلپرز کی آسانی کیلئے ہاؤسنگ سے متعلقہ رولز میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔تقریب سے اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بھی خطاب کیا اور حاضرین کوگھروں کی تعمیر کے لئے اپنے ادارے کے بلاسود قرض فراہمی کے پروگرام کے متعلق آگاہ کیا۔