بھارت کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکا،مسرت جمشید

بھارت کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکا،مسرت جمشید

  



  

لاہور(لیڈی رپورٹر)بھارت 70 سالوں میں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکا اورحالیہ اقدامات سے بھارتی دہشت گرد وزیراعظم کا مکروہ چہرہ اور آر ایس ایس کا نظریہ مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان ہر قدم پر اپنے کشمیری اور مسلمان بہن بھائیوں کیساتھ ہے اور پاکستانی حکومت ہر سطح پر کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ وزیراعظم پاکستان نے عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ نہایت احسن انداز میں لڑکر کشمیر اشو کو دنیا کے سامنے زند ہ کیا ہے جس سے بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے بھارتی جبر و تشدد کے شکارکشمیری خواتین اور بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین باغبانپورہ میں منعقدہ واک کی قیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر فرزانہ کشور، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعدادموجود تھی۔ مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد وزیراعظم کا مکروہ چہرہ اور آر ایس ایس کا نظریہ بے نقاب ہو چکا ہے اور بھارتی جبر ہندوستان میں نئی مسلم ریاست کے قیام کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور بھارت کا مسلمانوں کے خلاف تعصب کھل کر سامنے آچکا ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کئی ماہ سے جاری کرفیو سے معطل معمولات زندگی عالمی طاقتوں کی توجہ کی متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت ہر طرح کے مظالم کے باوجود70 سالوں میں کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکا، کشمیریوں نے اپنے حق خود کے لئے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔واک کے شریک کالج کی طالبات نے اس موقع پر کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ طالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔ واک کے اختتام پر مسرت جمشید چیمہ نے کالج کے گراؤنڈ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1