بھارتی فوج پاکستانیوں کو شکست دینے کے خواب چھوڑ دے،انصر مجید

بھارتی فوج پاکستانیوں کو شکست دینے کے خواب چھوڑ دے،انصر مجید

  



لاہور (خبر نگار)وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجید خان نے کہاہے کہ 80لاکھ کشمیریوں کو شکست نہ دینے والی بھارتی فوج 21کروڑ پاکستانیوں کو شکست دینے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنی قابلیت اور صلاحیت کی وجہ سے پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہیں۔ نریندرمودی اوربھارتی ملٹری قیادت کو غیرذمہ دارانہ بیانات دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں آتا۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیرانصرمجید خان نے مزیدکہاکہ پاک فوج کی بہترین اور عمدہ حکمت عملی نے خطے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

پاکستانی فوج کے ہر جوان نے وطن کی خاطر پیٹھ پیچھے نہیں بلکہ اپنے سینے پر گولیاں کھائیں۔پاکستانی فوج کے شیرجوان ملک و قوم کے دفاع کی خاطر ہرقسم کی چٹان سے لڑ جائیں گے۔بھارت کا دس دن میں پاکستان کو ختم کرنے کا دعویٰ پوری دنیا میں مذاق بن کر رہ گیا ہے۔ انصرمجید خان نے کہاکہ پاکستانی فوج عوامی حمایت اور جذبہ ایمانی سے سرشار ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قانون کے ذریعے ظلم کی حکومت قائم کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو ہر محاذ پر شکست دے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1