اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہئے، نئی کمیٹی سمجھ سے بالاتر، خواہش ہے حکومت مدت پوری کرے: پرویز الٰہی

      اتحادی کو سوتن نہیں سمجھنا چاہئے، نئی کمیٹی سمجھ سے بالاتر، خواہش ہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے اتحادی امور پر قائم کردہ پہلی کمیٹی سے مذاکرات میں معاملات بہتری کی طرف گامزن ہونا شروع ہوگئے تھے، اب حکومت کی نئی کمیٹی سامنے آگئی ہے۔ ہمیں نئی حکومتی کمیٹی کی سمجھ نہیں آئی، ایک کمیٹی بنتی ہے دوسری ڈلتی ہے، ہم نے بھی کمیٹی ڈالی ہے جو ابھی نکلی نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب ارکان سے صدر عارف نظامی کی قیادت میں وفد سے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کے دوران کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے تشکیل کردہ کمیٹی کے حوالے سے بابا بلھے شاہ کا ایک شعر بھی پڑھا ”اگلی توں نہ پچھلی توں میں صدقے جاواں وچلی توں“۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں نیک نیتی کے ساتھ چلتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت چلے اور اپنی مدت پوری کرے جبکہ ہمیں احساس ہے کہ اگر حکومت کو نقصان پہنچا تو ہمیں بھی پہنچے گا۔ہم سے کیے گئے وعدے پورے ہونے چاہئیں،ہم انتظار اور بہتری کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم کرنا اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، میڈیا ملکی ترقی کا ضامن ہے، میڈیا صحیح سمت میں حکومت کی رہنمائی کرے، میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات نے نہ صرف ارباب اختیار کو اصلاح کا راستہ دکھایا بلکہ لوگوں کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی بھی دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے سی پی این ای کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک جدوجہد کا ثمر ہے کہ آج پاکستان کا میڈیا آزاد ہے، سی پی این ای اخبارات کے ایڈیٹرز کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جس میں بلاشبہ ملک کے نامور اور سینئر صحافی شامل ہیں جنہوں نے ہر دور میں اپنی پیشہ ورانہ صحافت کے ذریعے بہترین خدمات انجام دی ہیں، پاکستان کے صحافی بہادر اور محب وطن ہیں جنہوں نے دشمن کی اٹھنے والی ہر آواز کو دبایا اور اسے منہ توڑ جواب دیا۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں چودھری مونس الٰہی کی جانب سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں تبدیلی کے معاملے پر سامجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے ہاتھوں سے معاملات کو خود کیوں سبوتاژ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین، پرویز خٹک اورشہزاد اکبر پر مشتمل کمیٹی کے ساتھ مثبت پیشرفت ہو رہی تھی۔
پرویز الٰہی/مونس الٰہی

مزید :

صفحہ اول -