شاہدرہ، تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق
لاہور(کرائم رپورٹر) شاہدرہ کے علاقہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار دم توڑ گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش اسکے لواحقین کے حوالے کردی۔ تفصیلات کے مطابق ملت پارک کا رہائشی ذوالفقار اپنی موٹر سائیکل پر شاہدرہ کے علاقہ میں کسی کام کے سلسلہ میں گیا تھا۔ امامیہ کالونی جی ٹی روڈ پر نامعلوم گاڑی نے بے قابو ہوکر موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔ ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے متوفی کی لاش اسکے لواحقین کے حوالے کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق متوفی تین بچوں کا باپ تھا نامعلوم ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔