آبادی پر قابو پانے کیلئے فیملی پلاننگ کادائرہ کار بڑھانا ہوگا، صدرمملکت
اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے کو قابو میں رکھنے کے لئے ہمیں اپنے محدود وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ فیملی مینجمنٹ سے متعلق خدمات کا دائرہ پورے ملک تک بڑھانا ہو گااور قومی بیانیئے کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنا ہوگا۔وہ جمعہ کو یہاں آبادی کے بارے میں فیڈرل ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمر، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد، وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب سردار ہاشم ڈوگر، وزیر برائے آبادی بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ شریک تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے متعلق عوامی آگاہی کی اشد ضرورت ہے،اس سلسلے میں علماء کا کردار سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت