سر سبز مہم میں شہری بھرپور طریقے سے حصہ لیں‘ آسیہ گل

سر سبز مہم میں شہری بھرپور طریقے سے حصہ لیں‘ آسیہ گل

  



بہاول پور(بیورورپورٹ)کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی مصور خصوصاً بہاول پور دھرتی کے فنکار اپنے کام میں پراعتماد،یقین وآگاہی اور معاشرتی رویوں کی بھرپور ترجمانی کے اوصاف سے مالا مال ہیں۔ ہمارا نوجوان مصور(بقیہ نمبر47صفحہ7پر)

اپنے گرد وپیش کے موضوعات خصوصاً صفائی جیسے حساس مسئلے کو کینوس پر منتقل کرکے عوامی رویوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں ”صفائی نصف ایمان اور ہم“کے موضوع پر بہاولپور میوزیم میں منعقدہ مقابلہ مصوری کی نمائش اورتقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی مہمان اعزاز ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب آسیہ گل تھیں جبکہ تقریب کی میزبانی ڈپٹی کمشنر بہاول پور و چیئرمین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شوذب سعید نے کی۔اس موقع پرڈپٹی سیکرٹری و فوکل پرسن کلین اینڈ گرین پاکستان برائے پنجاب میاں نجیب اسلم،ایم ڈی بی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر، بورڈ ڈائریکٹرزآف بی ڈبلیو ایم سی زاہدہ جاوہد،افتخار احمد،سیدظفر شریف،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بہاول پور خورشید احمد،ڈائریکٹر میوزیم زبیر ربانی،کمپنی افسران اورسول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویڑن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلہ جات نہ صرف فن کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ بچوں کی فنی صلاحیتوں میں نکھارپیدا کرنے سمیت صفائی جیسے حساس موضوعات پر ان کی تخلیقات کے ذریعے معاشروں میں بہتری لانے کے جذبے کوجلا بخشتے ہیں۔انہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے مصوروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر اپنے فن پاروں کے ذریعے معاشرے میں بہتری کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب آسیہ گل نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویڑن کے مطابق پنجاب میں کلین اینڈ گرین پاکستان اور صاف وسرسبز پنجاب مہم میں شہری بھرپور طریقے سے حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بہاول پور پہلی مرتبہ آئی ہیں اور یہ بات ان کے لئے باعث مسرت ہے کہ واقعی بہاول پور پاکستان کا سب سے صاف ستھرا شہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے منعقدہ مقابلہ جات میں صفائی کے منفرد اور اچھوتے پیغامات پر مبنی فن پارے دیکھنے کو میسر آئے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان تخلیقات کے پس پردہ محنت اورریاضت کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل میں ملک کی تعمیر و ترقی کاجذبہ اور معاشرتی مسائلکے تدارک کا ادراک موجود ہے۔ڈپٹی سیکرٹری و فوکل پرسن کلین اینڈ گرین پاکستان برائے پنجاب میاں نجیب اسلم نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے صاف وسرسبز پاکستان کے پیغام کو عام کرنے نکلے ہیں تاکہ پاکستان کو درپیش مسائل سے نبرد آزما ہو کر اسے صاف اور سرسبزممالک کی صف میں لایا جاسکے۔انہوں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی کے موضوع پر مقابلہ مصوری منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کی۔قبل ازیں تقریب کے میزبان ڈپٹی کمشنر بہاول پور و چیئرمین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شوذب سعید نے تقریب کے شرکا کو بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پنجاب کی دیگر کمپنیوں میں پہلی کمپنی ہے جس نے صفائی کے موضوع پر مصوری کا مقابلہ اور فن پاروں کی نمائش منعقد کروائی ہے۔انہوں نے مزیدبتایا کہ مقابلے میں ملک بھر سے 60 مصوروں نے صفائی کے موضوع پر اپنے بیش قیمت شہہ پارے نمائش کے لئے پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ پنجاب آسیہ گل اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعیدنے مقابلے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔تفصیلات کے مطابق سینئر کیٹگری میں طوباالیاس نے اول،جویریہ عامر نے دوم اورمحمد طارق نے سوم پوزیشن حاصل کی اور بالترتیب 30ہزار،20ہزاراور10ہزارروپے نقدانعام اور سرٹیفکیٹ وصول کیا جبکہ نیہا رحمان کو حوصلہ افزائی کے لئے چوتھا انعام 5 ہزارروپے نقد اور سرٹیفکیٹ کی صورت میں دیا گیا۔جونیئر کیٹگری میں آئینہ نور نے اول،عائشہ سعود نے دوم اورزرمینہ عرفان نے سوم پوزیشن حاصل کی اور بالترتیب 5ہزار،3ہزاراور2ہزارروپے نقد اور سرٹیفیکیٹ وصول کیا جبکہ حوصلہ افزائی کے لئے چوتھا انعام عطیہ ساجد کوایک ہزار روپے نقد اور سرٹیفیکیٹ کی صورت میں دیا گیا۔مقابلے میں حصہ لینے والے دیگر تمام طلبہ کو بھی انعامات اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔۔

آسیہ گل

مزید : ملتان صفحہ آخر