وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب فٹبال سٹیڈیم میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب فٹبال سٹیڈیم میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ...
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب فٹبال سٹیڈیم میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا افتتاح کردیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  پنجاب فٹبال سٹیڈیم میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا ،صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن یاسر ہمایوں،ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ساجد ظفر،پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق،ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید،کرکٹ،ہاکی اوردیگر کھیلوں کے کھلاڑی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ  کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ اینڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کاآغاز خوش آئندہے، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں درس اور تدریس کیساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی فروغ پائیں گی۔ سپورٹس اورسپورٹس مین دنیاعالم میں ملک و قوم کی پہچان بنتے ہیں،دنیا میں پاکستان کوعمران خان کے حوالے سے بھی پہچاناجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کیساتھ ساتھ نوجوانوں کوکھیلوں کےمواقع فراہم کرنابھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،کھیل ہماری روایات اورتاریخ کا حصہ ہے، قائداعظم محمدعلی جناحؒ ممبئی میں محمڈن سپورٹس مقابلوں اورکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کیاکرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ڈسپلن سیکھنے کیلئے سپورٹس کو ضروری قرار دیا تھا ، یونیورسٹی سپورٹس لیگ میں59نجی اورسرکاری یونیورسٹیوں کےطلبہ حصہ لیں گے،صوبہ بھرمیں سپورٹس لیگ میں کھیلوں کےہزارمقابلےہوں گے،مقابلوں میں 381 ٹیمیں اور 4065طلبہ حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو 51ٹرافیاں، 2کروڑ روپے کے نقدانعامات اور وظائف تقسیم کیے جائیں گے۔یونیورسٹی سپورٹس لیگ اور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 15اپریل تک جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلبہ کو بیرون ملک کوچنگ اورسپورٹس مقابلوں کیلئے بھیجا جائے گا، کھلاڑیوں کی بہترین کوچنگ کیلئے غیر ملکی کوچ بھی ہائر کررہے ہیں،نوجوان چیلنجز کا بہتر اور موثر حل تلاش کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسابقت کی صحت مند سوچ کیلئے سپورٹس بنیادی کردارادا کرتے ہیں،نوجوان بڑھ چڑھ کر سپورٹس میں حصہ لیں،حکومت پنجاب آپ کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرے گی،میں یونیورسٹی سپورٹس لیگ کا انعقاد کرنے پرمحکمہ ہائر ایجوکیشن اورمحکمہ کھیل کے حکام کو شاباش دیتا ہوں۔

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے کھیلوں کی تاریخ کا اہم دن ہے اوروزیراعلیٰ پنجاب نے یونیورسٹی سپورٹس لیگ کے لئے مکمل سپورٹ کیا ہے۔صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ساجد ظفر نے کہا کہ یونیورسٹیز کے بعد کالجز کی سپورٹس لیگ بھی کرائیں گے۔تقریب سے ڈاکٹر نیاز احمد،مصباح الحق،خواجہ جنید اورسعید اجمل نے بھی خطاب کیا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور