رواں سال کتنے لاکھ افراد نےاپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا؟وزیر صحت نے تشویش ناک انکشاف کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ 2020 کی پہلی انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 37 ہزار افراد نے اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرونا وائرس سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس سال 2020 میں پاکستان میں آٹھ پولیو کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد گزشتہ سال 137 تھی تاہم ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس سال کے ابتدائی 6 ہفتوں کے پولیو کیسز پر ہمیں فکر مند نہیں ہونا چاہیے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے دعویٰ کیا کہ پاکستان گزشتہ دو ہفتوں میں پولیو سے بچاؤ کی مہم میں بہتری آئی ہے، پولیو کیسز میں وقت کے ساتھ ساتھ کمی آئے گی۔وفاقی وزیر صحت نے یہ بھی انکشاف کیا ہے گزشتہ سال اپریل میں 14 لاکھ سے زائد افراد نے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا جبکہ 2020 کی پہلی انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 37 ہزار افراد نے اپنے بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا ہے۔