لاہور جم خانہ سالانہ الیکشن ،میاں مصباح الرحمان پینل کو برتری حاصل
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور جم خانہ کلب کے سالانہ انتخابات 2020میں کاسٹ کیے گئے نوے فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے جس کے مطابق میاں مصباح الرحمان پینل کو کامران لاشاری پینل پر برتری حاصل ہے ۔نجی نیوز چینل سٹی 42کے مطابق کل 5500ووٹوں میں سے 3022ووٹ کاسٹ کیے گئے ۔پینل ووٹوں کے تاحال غیر حتمی نتائج کے مطابق 12میں سے 9نشستوں پر میاں مصباح الرحمان پینل کے امید وار آگے ہیں جبکہ 3نشستوں پر کامران لاشاری گروپ کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔کامران لاشاری پینل کے کامران لاشاری اورخواجہ عمران کو برتری حاصل ہوئی ادھر سابق آئی جی شوکت جاوید مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو گئے ۔جبکہ میاں مصباح الرحمان پینل کے میاںمصبا ح الرحمان ،ڈاکٹر جواد ساجد،سرمد ندیم ،ڈاکٹر علی رزاق اور پرویز بشیر کو برتری حاصل ہے ۔
تفصیل کے مطابق صبح نو بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام چھ بجے تک جاری رہا۔میاں مصباح الرحمان پینل میں ڈاکٹرجوادساجد، میاں مصباح الرحمان، ڈاکٹرعلی رزاق، سمیرامعروف خان، میاں پرویز، سرمدندیم، آغاعلی امام، زاہد ندیم، پرویز بشیرآغا، پروفیسرمجیدچودھری، واجدعزیزخان اورتیمورعظمت عثمان شامل تھے۔
ان کے مد مقابل کامران لاشاری گروپ میں کامران لاشاری ،خواجہ عمران زبیر، شوکت جاوید، سمیع الرحمان خان، احسن سعید میاں، میاں جاوید ظہور، ڈاکٹرآصف کاظمی، قمرخان بوبی، سید طیب حسین رضوی، رابعہ سلمان، ظل الٰہی اورپروفیسرڈاکٹرعفت بتول الیکشن لڑرہی تھیں۔
جم خانہ کلب کے انتخابات میں گرونر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پہلی مرتبہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ جبکہ ووٹ ڈالنے والی دیگر اہم شخصیات میں سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وفاقی وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ، آئی جی پولیس اسلام آباد عامر ذولفقار، ڈی آئی جی پولیس شہزاد سلطان، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور ایم این اے پرویز ملک، جاوید اقبال، ذکیہ شاہ نواز، میاں مصباح الرحمان سمیت دیگر نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔