تھانہ آبپارہ میں طلبی، شیخ رشید کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں لے جانے کا فیصلہ

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے تھانہ آبپارہ کی جانب سے طلبی کا نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میری ذاتی ملکیت پر رات کے اندھیرے میں قبضہ کیا گیا، پولیس کی کوشش ہے ہر حال میں مجھے گرفتار کیا جائے، موجودہ حکمرانوں نے تھانوں میں اپنے لوگوں کو لگا رکھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کو بحرانوں میں دھکیلنے کی کوشش کی گئی، انہوں نے 16 وزارتوں کی انویسٹی گیشن کی ہے مگر کچھ نہیں ملا۔
شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ حکمران مائنس عمران خان الیکشن کرانا چاہتے ہیں،عمران خان درست کہتے ہیں آصف زرداری ان کو راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں، جو نام انہوں نے دیئے وہ میرے پاس امانت ہیں،ان کاکہناتھا کہ عمران خان سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں۔