توہین چیف الیکشن کمشنر و الیکشن کمیشن کیس ،اسد عمر کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)توہین چیف الیکشن کمشنر و الیکشن کمیشن کیس میں اسد عمر کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق عمران خان، اسد عمر اورفوادچودھری کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر و الیکشن کمیشن کی سماعت ہوئی،ممبرسندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی ،پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اپنے وکیل انور منصور کے ساتھ کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
معاون وکیل نے کہاکہ عمران خان، فوادچودھری کے وکیل فیصل چودھری راستے میں ہیں، ممبرسندھ نثار درانی نے کہاکہ اسد عمر نے شوکاز نوٹس کا جواب دینا تھا،انور منصور خان نے کہاکہ کچھ دن کا وقت دیدیں جواب جمع کرا دیں گے ۔
انور منصور نے کہاکہ آئندہ سماعت پراعتراضات پر دلائل دوں گا،ممبربلوچستان نے کہاکہ آئندہ سماعت پر توفردجرم عائد کریں گے ۔
وکیل اسد عمر نے کہاکہ سپریم کورٹ کہہ چکی پہلے اعتراضات پر فیصلہ کریں ، بیرون ملک جا رہا ہوں واپسی پر دلائل دوں گا،ممبرسندھ نثار درانی نے کہا کہ آئندہ سماعت 14 فروری کو رکھیں گے ۔
انور منصور نے کہا کہ آئندہ سماعت تک جواب جمع کرا دیں گے لیکن دلائل 20 کے بعد دوں گا، الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت14 فروری تک ملتوی کردی ۔