سپریم کورٹ میں سردار کوڑے خان ٹرسٹ سے متعلق کیس ،عدم پیشی پر ڈی سی مظفرگڑھ ،ڈی سی راجن پور، ڈی پی او راجن پورکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے سردار کوڑے خان ٹرسٹ سے متعلق کیس میں عدم پیشی پر ڈی سی مظفرگڑھ سمیع اللہ فاروق ،ڈی سی راجن پورعارف رحیم، ڈی پی او راجن پور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے ڈی سی مظفر گڑھ، ڈی سی راجن پور اور ڈی پی او راجن پور کو عدم حاضری پر شوکاز نوٹس بھی جاری کردیئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں سردار کوڑے خان ٹرسٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس عجاز الاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ،سپریم کورٹ کے حکم پر ڈی سی مظفر گڑھ کا لا افسر عدالت میں پیش ہوا،ڈی سی راجن پور کی جگہ تحصیلدار عدالت میں پیش ہوا،ڈی پی او راجن پور کی جگہ ڈی ایس پی عدالت میں پیش ہوئے ،سپریم کورٹ نے تینوں افسران کی عدم پیشی پر اظہار برہمی کیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ ڈی سی مظفر گڑھ کو طلب کرنے کا مطلب وہی ذاتی حیثیت میں پیش ہوں ،عدالت نے حکم کی یہ اہمیت ہے کہ کسی کو بھی اپنی جگہ بھیج دیا۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ نگران حکومت تبادلے کررہی ہے،ممکن ہے نوٹسز موصول نہ ہوئے ہوں، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ ریکارڈ کے مطابق دونوں ڈی سی، ڈی پی او کو عدالتی نوٹسز موصول ہوئے ہیں ، ان تینوں افسران کا کوئی تبادلہ نہیں ہو رہا۔
عدالت نے عدم پیشی پر ڈی سی مظفرگڑھ سمیع اللہ فاروق ،ڈی سی راجن پورعارف رحیم، ڈی پی او راجن پور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے ڈی سی مظفر گڑھ، ڈی سی راجن پور اور ڈی پی او راجن پور کو عدم حاضری پر شوکاز نوٹس بھی جاری کردیئے۔
عدالت کا ڈی پی او مظفر گڑھ کو حکم پر فوری عملدرآمد کا بھی حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔