دہشتگردی پر اجتماعی بصیرت سے دوبارہ قابو پا لیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا، بہادر اور غیور عوام کی ہمت کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے، دہشت گردی پر اجتماعی بصیرت سے دوبارہ قابو پا لیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 2010 سے ابتک این ایف سی کی مد میں خیبرپختونخوا کو 417 ارب روپے دیئے گئے،یہ فنڈز دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مختص تھے مگر کوئی نہیں جانتا کہ ان کا کہاں استعمال ہوا۔
وزیراعظم کاکہناتھا کہ کون کہتا تھا کہ یہ جہادی ہیں اور پاکستان کے دوست ہیں، انہوں نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں حصہ لیں گے،یہ لمحہ فکریہ ہے کہ خیبر پی کے دہشتگردوں کے نرغے میں چلا گیا، فوری اقدامات نہ کئے تو دہشت گردی پور ے ملک میں پھیل جائے گی اور ہمارا تاریخ میں نام بھی لینے والا کوئی نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر پر دوبارہ قابو پائیں گے، اجتماعی بصیرت سے لائحہ عمل اپنا کر دہشتگردی کے فتنے سے نجات پائیں گے۔