ظلم کے نظام سے جان چھوٹنے والی ہے، عمران خان دوبارہ حکمران بنے گا: بابر اعوان

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے کہا ہے کہ ظلم کے نظام سے جان چھوٹنے والی ہے، عمران خان دوبارہ حکمران بنے گا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق فواد چوہدری کی ضمانت منظور ہونے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ آئین، پارلیمان اور عدالتوں کی پولیس کے ہاتھوں اتنی بے توقیری پہلے کبھی نہیں دیکھی، یہ صورت حال دیکھ کر سارا پاکستان عمران خان کے پیچھے کھڑا ہو گیا ہےکہ پاکستان رول آف لا کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دو راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا، تباہی و بربادی کا راستہ جو موجودہ حکمرانوں نے چنا ہے مگر دوسرا راستہ بحالی و خوشحالی کا ہے جو عمران خان نے بتایا کہ فوری طور پر نئے الیکشن کروائے جائیں۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ ہر نئے چیلنج سے تحریک انصاف کو نیا حوصلہ ملتا ہے۔ کپتان کھلاڑی ہے اس لئے ہمیں چیلنجز کا کوئی ڈر نہیں۔ ظالم عوام سے جان چھوٹنے والی ہے، عمران خان دوبارہ آنے والا ہے۔ دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری پر صرف سچ بولنے پر مقدمہ قائم کر دیا گیا لیکن وہ اب بھی منجی ٹھونک کر بولے گا۔ فواد چوہدری اب آزاد ہے، وہ باہر آنے والا ہے، باہر آ کر پہلے کی طرح حق کی آواز بلند کرے گا۔