محکمہ موسمیات کی خشک سردی اور دھند کی پیشگوئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیراورگلگت بلتستان میں چند مقا مات پر ہلکی بارش اورپہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات اورصبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری ،گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اورجزوی ابرآلود رہے گا۔ اس دوران میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں سکھر ، گھوٹکی اور جیکب آباد میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا تاہم چترال، دیر ، سوات، مالاکنڈ ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، کرم اور وزیرستان میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سرد اور جزوی ابرآلود رہے گا۔