شاہ رخ خان کے گھر میں وہ خاص باتھ روم کونسا ہے جس میں جا کر رویا کرتےتھے ؟"پٹھان " کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے سب سچ بتا دیا

لاہور ( طیبہ بخاری سے ) آج کل ہر طرف "پٹھان " کا چرچا ہے ، اس فلم کی ریلیز سے پہلے بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان نے کیا کچھ نہیں دیکھا ، مظاہرے، دھمکیاں ،تنقید اور اب کامیابی کے نئے ریکارڈ ۔۔۔۔کیا آپ جانتے ہیں کہ25جنوری کو ریلیز ہونیوالی ’پٹھان‘ صرف 7 دن میں ملکی اور عالمی باکس آفس پر 634 کروڑ روپے کما کرہندی سنیما کی تاریخ میں ریلیز کے پہلے ہفتے ہی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن چکی ہے اور کامیابی کے مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔اس فلم نے بھارت میں 395 کروڑ روپے کا بزنس کیا جبکہ عالمی سطح پر 239 کروڑ روپے اپنے نام کیے۔۔۔۔۔57سالہ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی فلم کی کامیابی پر بہت خوش ہیں لیکن آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ ماضی میں جب ان کی فلمیں ناکامی کا سامنا کرتی تھیں تب کنگ خان کیا کرتے تھے ۔ کنگ خان کو ماضی میں کئی فلاپ فلموں کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کا ذکر انہوں نے خود ایک تقریب کے دوران کیا ۔گذشتہ دنوں"پٹھان " کی پوری سٹار کاسٹ نے پریس کانفرنس کی، اپنی کامیابی کا جشن منایا اور میڈیا سے دل کی باتیں شیئر کیں ۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ" جب میری فلمیں جیسے" ہیری میٹ سیجل" اور " زیرو"(2018ء میں ریلیز ہوئی تھی ) فلاپ ہوئیں تو میں اپنے باتھ روم میں جا کر بہت رویا کرتا تھا،ہر کسی کو اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی ناکامی کا سامنا کرنا ہی پڑتا ہے۔ لیکن ہر ایک کا اپنی ناکامی سے نمٹنے کا الگ طریقہ ہوتا ہے۔ میرے گھر میں ایک خاص غسل خانہ ہے۔ سب جانتے ہیں کہ اگر میں وہاں ہوں تو خوب روتا ہوں لیکن یہ سب پیر کھیل ہے۔ اگر آپ کی فلم کو اتوار کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو آپ کو پوری تیاری کے ساتھ پیر کو یہ سوچ کر اٹھنا ہوگا کہ اب آگے کچھ اچھا کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر پیر کو فلم ہٹ ہوئی تو مجھے اپنی آنے والی فلموں میں خود کو ثابت کرنے کے بارے میں سوچنا ہو گا۔ٹیم ورک سے فلمیں بنتی ہیں"۔
شاہ رخ خان کا مزید کہنا تھا کہ "یہ ہر اداکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مداحوں کو خوش رکھے اور اپنے کام سے لوگوں کو مایوس نہ کرے۔ ایک فلم میں سیکڑوں لوگ محنت کرتے ہیں۔ مداح مایوس ہوتے ہیں تو ہمیں بھی دکھ ہوتا ہے، اس لیے دوبارہ محنت کرو، مزدور بنو۔ اگر آپ خود کو مزدور سمجھ کر سیٹ پر نہیں آتے ہیں تو آپ کو فلموں میں کام کرنے نہیں آنا چاہیے"۔
آخر میں ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ 'پٹھان' کی کامیابی کے بعد اب شاہ رخ خان کی 2 نئی فلمیں آنے والی ہیں ایک فلم کا نام 'ڈانکی' اور دوسری فلم کا نام'جوان' ہے۔"پٹھان " کی شاندار کامیابی کے بعد مداح ابھی سے ان فلموں کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔