سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں پر بھارت کو تشویش ہے،بھارتی وزیر داخلہ

سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں پر بھارت کو تشویش ہے،بھارتی وزیر داخلہ

  

نئی دہلی(کے پی آئی)بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں پر بھارت کو تشویش ہے اور ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کسی بھی قیمت پر بھارت کے لیے قبول نہیں ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دہلی میں سیکیورٹی سے متعلق ایک ہنگامی میٹنگ کی صدارت کی جس میں فوج کی تینوں سروسز سربراہان کے علاوہ دیگر فوجی اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے افیسران بھی موجود تھے میٹنگ میں جموں وکشمیر میں انتخابات کے بعد کی سیکیورتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بھارتی داخلہ نے ملک کی سیکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہان کو بھی ہدایت دی کہ آپسی تال میل کا بھر پور مظاہرہ کر کے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر سمیت تمام ریاستوں کی حکومتوں کو آئندہ چند روز میں اس سلسلے میں باضابطہ ایڈوائزی بھی جاری کر دی جائے گی تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکامی سے دوچار کیا جا سکے راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پورے ملک میں خطرہ بنی ہوئی ہے اور ہمیں سرحد پار کے عزائم پر بھی نظر رکھنا ہو گی۔ ملک کے اندر حالیہ بم دھماکے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بم دھماکہ کرنا امن دشمن عناصر کی کارستانی ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات بڑے پیمانے پر جاری ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہمیں چوکنا ہونا ہو گا۔وزیر داخلہ نے اس موقع پر بوڈونواز حملہ آورں کی طرف سے دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس طرح کے قتل عام سے کچھ بھی حاصل نہیں ہو سکتا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں پورے جموں وکشمیر سمیت ملک بھر میں بہتر کام کر رہی ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -