پلاسٹک انڈسٹری کیلئے خصوصی انڈسٹریل زون قائم کیاجائے: محمودغزنوی

پلاسٹک انڈسٹری کیلئے خصوصی انڈسٹریل زون قائم کیاجائے: محمودغزنوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پلاسٹک انڈسٹری کے لیے پنجاب میں ایک خصوصی انڈسٹریل زون قائم کرے اور پلاسٹک خام مال و مصنوعات کی سمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے۔ وہ چودھری واجد علی کی سربراہی میں آنے والے پلاسٹک انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ پلاسٹک انڈسٹری کے لیے خصوصی زون قائم کرنے سے اس انڈسٹری کی ترقی میں مدد ملے گی جو پٹرولیم سیکٹر کے بعد محاصل دینے والا تیسرا بڑا شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ انڈسٹریل زون میں ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس، ٹیسٹنگ لیبارٹریز قائم کی جائیں اور بجلی ارزاں نرخوں پر مہیا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک خام مال اور تیار مصنوعات کی سمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانا ہونگے کیونکہ اس کی وجہ سے قومی خزانے کو سالانہ پچاس سے ساٹھ ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آر او برائے گرین ہاﺅسز کا غلط استعمال ہورہا ہے لہذا یہ ایس آر او واپس لیا جائے۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ پلاسٹک خام مال کے کمرشل اور انڈسٹریل امپورٹرز پر ڈیوٹی کی شرح میں فرق ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کی اطلاعات نے پلاسٹک انڈسٹری سے وابستہ تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے حالانکہ 143کے تحت یہ نہیں کیا جاسکتا ۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ پلاسٹک انڈسٹری کو بجلی و گیس کی مسلسل سپلائی یقینی بنائی جائے کیونکہ پلاسٹک مصنوعات کی تیاری کے عمل کو تسلسل درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار بجلی کی بندش سے مشینوں میں ڈالا گیا خام مال ضائع ہوجاتا ہے لہذا حکومت پلاسٹک انڈسٹری کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائے۔ قبل ازیں پلاسٹک انڈسٹری کے وفد نے لاہور چیمبر کے صدر کو پلاسٹک انڈسٹری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں شیخ پرویز، علی اصغر ملک، اقبال بیگ، سلمان حسین ، شہزاد عالم، محمد شعیب، محمد یعقوب، جاوید جیلانی، ایم مبین، ایم اکرام، ایم منیر اصغر اور شاہ نواز شامل تھے۔

مزید :

کامرس -