پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: ڈینش سفیر

پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: ڈینش سفیر

  

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجو دہیں ،ڈینش سفارتخانہ کی کوششوں سے اکتوبر میں پہلی مرتبہ ڈینش کمپنیوں کے ایک وفد کو لے کر پاکستان آیا تا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں بھی ڈنمارک نے پاکستان کی کھل کر سپورٹ کی ،پاکستان کے کچھ علاقوں میں امن و امان کا مسئلہ ہے لیکن مجموعی طور پر حالات خراب نہیں ،زراعت ، توانائی اور توانائی کے متبادل ذرائع خاص طور پر ہوا ، پانی اور کوڑے سے بجلی پیدا کرنے میں پاکستان کی بھر پور مدد کر سکتا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران صدر چیمبر سید اسد مشہدی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر کمرشل ایڈوائزر ڈینش ایمبیسی اسلم پرویزاور کمیونیکیشن آفیسر سلیم انور کے علاوہ سینئر نائب آر سی سی آئی صدر میاں ہمایوں پرویز، ارکان مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔سفیر نے کہا کہ ڈنمارک 42فیصد توانائی ونڈ پاور سے حاصل کرتا ہے ،توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے سفارتخانہ ڈینش کمپنیوں اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین براہ راست ملاقات میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔

 ، انہوں نے زراعت اور ڈیری پرڈاکٹس کے پاکستان میںفروغ کےلئے ٹیکنالوجی اور تعاون کا یقین دلایا۔قبل ازیں صدر راولپنڈی چیمبر سید اسد مشہدی نے سفیر کو چیمبر میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر میڈ ان پاکستان نمائشوں کے سلسلے کو پوری دنیا میں پھیلا رہا ہے اور ڈنمارک سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی جلد سنگل کنٹری میڈ ان پاکستان نمائشوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا تجارتی حجم محض 425ملین ڈالر ہے اور پاکستان سے مین برآمدات میں لیدر ، ٹیکسٹائل، کاٹن یارن،چاول اور کھیلوں کا سامان وغیرہ شامل ہے جبکہ ڈنمارک کی پاکستان کو برآمدات میں مشینری ،کیمیکل، پٹرولیم اور فارماسوٹیکل وغیرہ شامل ہیں ۔صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ چیمبر خواتین انٹر پنیورز کی ترقی کیلئے بزنس وون انکوبیشن سنٹر قائم کر رہا ہے جس کا افتتاح جلد کر دیا جائے جس میں خواتین انٹر پنیورز کو کاروباری مشوروں سمیت انکے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن مدد کیجائے گی،انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ارکان کی کیپسٹی بلڈنگ کیلئے چیمبر مختلف قسم کے ٹریننگ سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کرتا رہتا ہے تا کہ کاروباری برادری کو جدید دنیا میں رائج طور طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

مزید :

کامرس -