عالمی جماعت اہلسنتّ کے زیر اہتمام 2014کے اختتام پر یوم دعا کا اہتمام
لاہور (پ ر)عالمی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام مرکز اہلسنت جامعہ حزب الاحناف 11 داتا دربار روڈ لاہور میں سال 2014ءکے اختتام اور سال 2015ءکی آمد پر یوم دعا کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور 2015ءکی آمد کا شراب پی کر جشن منانے والوں کی زبردست مذمت کی گئی اس موقع پر عالمی جماعت اہلسنت کے مرکزی امیر مفتی پیر سید مصطفی رضوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، مفتی غلام حسن، علامہ محبت علی رضوی، اور دیگر علماءنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شراب حرام فعل ہے ہمارا مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔
شراب پی کر پوری رات عیاشی کی رنگین محفلیں سجاد کر خوشی کا اظہار کرنا یہ کونسا خوشی منانے کا طریقہ ہے جو لوگ ایسے بے ہودہ جشن مناکر خوشی کا اظہار کرتے ہیں وہ شیطان کے پیروکار ہیں ہمارا مذہب ایسے بے ہودہ پروگراموں کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ یہاں ایک منظم سازش کے تحت مغرب کا گند پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے قوم پوری سوگوار ہے
پاکستان میں مسلمان جو مسلمان سے کر رہاہے وہ تو غیر مسلم بھی نہیں کرتے۔ دنیا بھر میں ہمارا تماشہ دیکھا جارہا ہے۔ یہ وقت عیاشیوں کا نہیں بلکہ یہ وقت توبہ کا ہے۔ اس موقع پر یہ عہد بھی کیا گیا کہ ہم سب حلالی پرچم کو جھکنے نہیں دیں گے اس پرچم کو بلند رکھیں گے ملک اور قوم کے دشمنوں کا محاسبہ کریں گے اجتماع میں ضرب عضب آپریشن کی کامیابی، پاک فوج، پولیس اور سانحہ پشاورکے شہداءاور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علماءنے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ سال کے اختتام اور نئے سال کی آمد پر ایسے بے ہودہ پروگرام منعقد کرکے جشن منانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دی جائے۔