جماعت اہلحدیث کے زیر اہتمام نئے سال کے آغاز پر ملک کیلئے خصوصی دعائیں

جماعت اہلحدیث کے زیر اہتمام نئے سال کے آغاز پر ملک کیلئے خصوصی دعائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر کی اہل حدیث مساجد میں وطن عزیز کے استحکام، بقا، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا گیا۔ نئے سال کے آغاز پر خصوصی طور پر اجتماعی توبہ کی اپیل کرتے ہوئے جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ قوم سال کا آغاز نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ کرے۔ حالات کی نزاکت کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی یکجہتی و اتحاد کے لیے اجتماعی کوششوں کی جائیںدہشت گردی، سیلاب، آتشزدگی سانحات سمیت دیگر آسمانی آفات سے نجات کے لیے پوری قوم اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ”اجتماعی توبہ“ کا خصوصی اہتمام کرے۔۔




۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے لیے عملی تجربہ گاہ کے طور پر حاصل کیے جانے والے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی تمام تر مسائل سے چھٹکارا پانا ممکن ہے۔ حکمران اور سیاستدانوں سمیت عوام الناس بھی ملک کی بہتری و خوشحالی کے لیے نئے جذبہ اور ولولہ کے ساتھ سال آغاز کریں۔ انہوں نے قومی سلامتی اور تحفظ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ آنے والا سال پاکستان کی خوشحالی اور بہتری کے لیے اچھا ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہونے کے لیے حکومت نئے سال کو ”نفاذ اسلام کا سال“ کے طور پر منظور کرے اور ملک میں شریعت کے نفاذ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سودی نظام کے خاتمے اور دیگر قبیح مسائل سے نجات کے لیے صدق دل سے کوشش کرے۔ دریں اثناءحافظ عبدالغفار روپڑی نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ایک اور رہنما اظہر الاسلام کو صدائے حق بلند کرنے کے جرم میں سزائے موت کا حکم دینے پر شدید مذمت کا اظہار کیا۔




 انہوں نے پاکستانی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلام اور پاکستان کی خاطر آواز بلند کرنے والے رہنماﺅں کو تختہ دار پر لٹکائے جانے پر پاکستانی حکام کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر بنگلہ دیشی حکومت کو اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کروائے اور دین اسلام کا درد رکھنے اور مسلمانوں کی الگ ریاست کے قیام کے لیے ساتھ دینے والے عظیم رہنماﺅں کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف عملی طور پر اقدامات کیے جائیں۔