جیل روڈ کے مکین گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف سراپاءاحتجاج ،وزیر اعلٰی ہاﺅس کے گھیراﺅ کی دھمکی

جیل روڈ کے مکین گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف سراپاءاحتجاج ،وزیر اعلٰی ہاﺅس کے ...

  

                                                   لاہور (لیاقت کھرل) شہر کی گنجان آبادیوںکے بعد پوش علاقوںکے مکین بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپاءاحتجاج بنے ہوئے ہیں اور گیس کی بندش پر گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر گورنر ہاﺅس اور ایوان وزیراعلیٰ کے گھیراﺅ کی دھمکی دے دی ہے ان خیالات کا اظہار گیس کی لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے شہر کے پوش علاقے -18اے جیل روڈ کے مکینوں نے روزنامہ ”پاکستان“ کے سروے میں کیااس موقع پر خواتین نے گیس کے بل اٹھا رکھے تھے اور بتایا کہ ایک طرف گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے تو دوسری جانب 1800 سے 2500 روپے تک گیس کے بل بھجوا دیئے گئے ہیں ۔ حکومت نے گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا تو گیس کے بلوں کوجمع نہیں کروائیں گے اس موقع پر-18 اے جیل روڈ کے محمد زبیر، حاجی عبدالحمید، چودھری فیض نے کہا کہ ایک ماہ سے گھروںکے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اور گیس کے دفاتر میں چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں محمد زبیر نے کہا کہ جیل روڈ جیسے شہر کے مین علاقہ میںگیس کی لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے شہری محمد اشرف، ثریا بی بی اور زاہد گل نے کہا کہ-18اے جیل روڈ کی آبادی 400گھروں پر مشتمل ہے اور اس آبادی میں 30 سے35سال قبل گیس کی لائن ڈالی گئی اس وقت اس آبادی میں20سے25گھر تھے اور دو انچ کی لائن ڈالی گئی تھی جو کہ کئی فٹ گہری ہو چکی ہے ،محمد بشیر، محمد شبیر،اماں صابراں بی بی اور سکینہ بی بی نے کہا کہ اس آبادی کو وارث روڈ سے گیس کی سپلائی دی جائے، تو گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہو سکتی ہے۔زاہد گل نے کہا کہ اس بارے میںگیس حکام کو متعدد بار شکایات کر چکے ہیں، لیکن گیس حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے اس میں اسی علاقے سے منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کو بھی متعدد بار شکایات کر چکے ہیں، لیکن کوئی بات تک نہیںسن رہا جس کے باعث پورے علاقے میں گیس کی18سے20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے اور رات ساڑھے گیارہ بجے گیس کا پریشر بحال ہوتا ہے جبکہ صبح4بجے سے پہلے گیس کا پریشر ڈاﺅن ہو جاتا ہے اس موقع پر خواتین نے گیس کے بل اٹھا رکھے تھے اور خواتین کا کہنا تھا کہ گیس حکام نے گیس کی لوڈشیڈنگ کو دور نہ کیا تو گیس کے بل جمع نہیں کروائیں گے اور گورنر ہاﺅس و ایوان وزیراعلیٰ کا گھیراﺅ کر کے گیس کے بل نذر آتش کریں گے جبکہ اس حوالے سے گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی رسد میں کمی کا سامنا ہے پورے شہر میںگیس کے پریشر کی شکایات ہیں اس میں پوش علاقوں کا بھی متاثرہ آبادیوں میں شمار ہے۔ تاہم-18 اے جیل روڈ کی آبادی میں گیس کی شکایت پر سروے کر کے اصل صورت حال کو چیک کیا جائے گا اور اگر کوئی لائن بلاک ہوئی تو سپلائی لائن سے گیس کا پریشر کھول دیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -