آل پاکستان مسلم لیگ کا شہداء پشاور کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
لاہور( جنرل رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ لاہور ڈویژن 4 جنوری بروز اتوار کو صوبائی آفس میں شہداء سانحہ پشاور کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کر رہی ہے۔ جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن ملک امجد علی کھوکھر کے مطابق سانحہ پشاور پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ہولناک واقعہ ہے اور 16 دسمبر چونکہ پاکستانی تاریخ میں مشرقی مغربی پاکستان کی تقسیم کی وجہ سے پہلے ہی سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے اور اب 16 دسمبر 2014ء کو اس افسوسناک واقعہ کے رونما ہونے کے بعد وطن عزیز کے ماتھے پر ایک ایسا داغ لگ چکا ہے جو صدیوں بعد بھی دھویا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ نے شہداء معصوم بچوں کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے اور ان کی ارواح کو ایصال ثواب کے لیے 4 جنوری 2015ء کو صوبائی آفس میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا ہے جس میں قرآن خوانی کے بعد دعا بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس تعزیتی ریفرنس کی صدارت لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری نوازش وڑائچ کریں گے جبکہ ریفرنس میں لاہور ڈویژن کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ کارکنان کی ایک کثیر تعداد بھی شرکت کرے گی۔