پیپلز پارٹی جمہوری کلچر پروان چڑھانے کی جنگ لڑ رہی ہے،یاسمین فاروق

پیپلز پارٹی جمہوری کلچر پروان چڑھانے کی جنگ لڑ رہی ہے،یاسمین فاروق

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کی نائب صدر یاسمین فاروق کی جانب سے لاہور کے صدر نصیر احمد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا مہمان خصوصی منور انجم اور خالد بٹ ممبر صوبائی اسمبلی کونسل تھے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے نصیر احمد، عمر حیات تبسم، منور انجم، خالد بٹ، ایوب نقوی، اختر حسین شاہ ، زاہد اقبال کھوکھر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ دور میں بھی جمہوریت اور جمہوری کلچر پروان چڑھانے کی جنگ لڑرہی ہے غیر جمہوری قوتیں جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے لئے مذموم سازشیں کر رہی ہیں ، پیپلز پارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری نے واشگاف الفاظ میں سازشیوں کی نشاندہی کر دی ہے پیپلز پارٹی کو فوجی عدالتوں کے قیام پر تحفظات ہیں اور پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے محدود اور صرف دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کی فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کی حمایت کرے گی اور کسی بھی سیاسی جماعت اور قیادت کے خلاف مقدمات کی مزاحمت کر ے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی لاپرواہی اور بد انتظامی کی وجہ سے ہر سال آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، ایل ڈی اے میں آگ سے 25افراد جان کی بازی ہار گئے ، بند روڈ پر جوتوں کی فیکٹری میں آگ لگنے سے بھی کئی خاندانوں کے چراغ گل ہو گئے ، شاہ عالم بازار میں آگ لگنے سے سینکڑوں دکانیں خاکستر ہو گئی لیکن پنجاب حکومت نے اتنے بڑے واقعات ہونے کے باوجود سبق حاصل نہیں کیا اور بائی لاز کی خلاف ورزی پر نہ تو کسی سرکاری ملازم اور نہ ہی کسی پلازہ مالکان کے خلاف کاروائی کی گئی۔۔

آج بھی مارکیٹوں میں بائی لاز کی خلاف ورزی کرکے بنائے گئے پلازے بم کی صورت اختیار کر چکے ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں حکومت پنجاب نے بد انتظامیوں اور کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے انسانوں کے ریٹ مقر ر کر دےئے ہیں ، آج تک پنجاب حکومت نے تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹیوں کی رپورٹ پیش نہ کی ہے ، اگر سابق واقعات کی تحقیقات کی روشنی میں بائی لاز کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو سزا دے دی جائے تو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن تھی لیکن پنجاب حکومت ہر واقعہ سے چشم پوشی اختیار کر تی ہے او ایسے واقعات کی روک تھام کی بجائے انسانوں کی قیمت مقرر کر کے اپنی نااہلیوں پر پردہ پوشی کرنے کی بھونڈی کوشش کر تی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ انار کلی میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کروائی جائیں اور ملوث افراد کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں ، استقبالیہ میں محمد علی میر، رشید ٹھیکیدار، مہوش شاہ، سیٹھ بشیر احمد، افضل صدیقی اور دیگر کارکنوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -