نئے سال میں ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے،شیر علی گورچانی
لاہور(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سب دعا گو ہیں کہ شروع ہونے والے نئے سال کا پہلا سورج اپنے ساتھ پاکستان اور عوام کے لئے خوشیا ں ،رحمتیں اور برکتیں لے کر طلوع ہو ۔ہمیں نئے سال میں پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کی ہمت دے اس کے لئے ہم سب کوہنگامی بنیاد وںپرکام کرناہوگا۔دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لئے پوری قوم یک جاں ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھنکنے کے لئے تاریخی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے
اور انشاءاللہ دہشت گردی کے خاتمے کا خواب مسلم لیگ( ن) کی حکومت کے دور میں ہی پورا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے ماضی کی غلطیوں کو سدھارنے اور ان کو نہ دہرانے کا عہد کرنا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2014کا سورج اپنے ساتھ پاکستان اور جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو اپنے ساتھ لے کر غروب ہو گا ہم امن کے پیامبراورجمہوریت کے علمبردارہیں اورہم اس ملک میں آئین کی سربلندی ،قانون کی حکمرانی اورپارلیمنٹ کی مضبوطی کے ذریعے جمہوریت کوفروغ دیکرپاکستان کے عوام کی تقدیربدلنے کاعزم رکھتے ہیں۔قائد اعظم کے افکار پر عمل کر کے پاکستان کا وقارعالمی برادری میں بلند کرنا ہے تاکہ پاکستانی ہونا ،دنیا میں فخر کی علامت ہو۔