عید میلادلنبی ؐ پر 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے،امین وینس

عید میلادلنبی ؐ پر 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے،امین ...

  

 لاہور( وقا نگا ر خصوصی )سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنے کے لئے لاہور پولیس کے 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے اور پولیس اس سلسلے میں ایک جامع اور موثر سکیورٹی پلان تیار کر رہی ہے جس میں منتظمین جلوس اور علماء کرام کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج عید میلادالنبی کے سلسلہ میں پولیس لائنز میں منعقدہ علماء اکرام اور مختلف جلوسوں کے منتظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ایس ایس پی آئی اے ڈی سہیل اختر سکھیرا،ایس ایس پی ایڈمن حسن مشتاق سکھیرا،ایس پی سٹی ، ایس پی ہیڈکوارٹر کے علاوہ علما ء اکرام اورمختلف جلوسوں کے منتظمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ سی سی پی او نے کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں عید میلادالنبی کے جلوسوں کے منتظمین اور علماء اکرام سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انکی تجاویز اور آراء لیں گے تاکہ سکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے ان تجاویز اور آراء کو مدنظر رکھا جائے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلادالنبی کے سلسلہ میں نکلنے والے جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے ایلیٹ فورس ، QRF کے علاوہ پولیس لائنز سے ریزروز پولیس کے اہلکار بھی ڈیوٹی دینگے اور لاہور پولیس کے پاس جتنے بھی واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز موجود ہیں وہ تمام جلوسوں کی سکیورٹی اقدامات کے لئے مہیا کیے جائیں گے۔ انہوں نے جلوسوں کے منتظمین اور علماء اکرام سے کہا کہ وہ بھی سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں اور جلوسوں کو جتنی جلد ممکن ہو سکے اختتامی مقام تک پہنچایا جائے ۔آخر میں مختلف علماء اکرام اور جلوسوں کے منتظمین نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اپنے مسائل اور مشکلات کی نشاندہی کی جنہیں حل کرنے کے لئے سی سی پی او نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

مزید :

علاقائی -