شدید دھند سے پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر

شدید دھند سے پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر

  

لاہور ( سٹاف رپورٹر) ملک کے بیشتر حصوں میں شدید دھند کی وجہ سے پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول گزشتہ روز بھی بری طرح متاثر رہا۔ بلکہ علامہ اقبال ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر نجی ایئر لائن کا جبکہ دوسرے رن وے پر پی آئی اے کا طیارہ پھنسنے سے فلائیٹ آپریشن تقریباً سارا دن معطل رہا اور گزشتہ روز لاہور ایئر پورٹ پر تقریباً 50 پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوئیں، 20 کو منسوخ کر دیا گیا۔ جبکہ کچھ پروازوں کا رخ ان وجوہات کے باعث دوسرے ائیر پورٹس کی طرف موڑ دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اسی طرح ریلوے ٹرینیں بھی غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوئیں جس کے باعث مسافروں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا گیا کہ گزشتہ روز کراچی سے لاہور آنے والی عوام ایکسپریس، خیبر میل، تیز گام، کراچی ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور شالیمار ٹو دو سے گیارہ گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔ دریں اثناءقومی و نجی ائیر لائن کی اندرون وبیرون ممالک آنے وجانے والی متعدد پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں بلکہ کچھ کو منسوخ بھی کر دیا گیا۔ دھند کے باعث لاہور ایئر پورٹ بند ہونے کی وجہ سے کچھ کا رخ اسلام آباد سمیت دیگر ایئر پورٹس کی طرف موڑ دیا گیا۔ اسی طرح گزشتہ روز بھی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر حد نگاہ صفر ہونے کے پیش نظر گزشتہ رات اسے بند کر دیا گیا۔ تاہم لاہور ایئر پورٹ کے دونوں رن وے پر دو طیارے پھنسے ہونے کی وجہ سے وہاں تمام دن مسافروں اور ان کے لواحقین کا شدید رش لگا رہا جس سے ایئر پورٹ کی پارکنگ سمیت مختلف لاﺅنجز بھی لوگوں کے رش سے بھر گئے۔ اس دوران لوگوں کی دھکم پیل اور توتکار کے واقعات بھی پیش آتے رہے جس بدمزگی کے کئی واقعات رونما ہوئے۔ یوں گزشتہ روز تمام دن ایئر پورٹ پر عوامی رش کے باعث صورتحال گھمبیر رہی۔

شدیددھند

مزید :

صفحہ آخر -