عمران خان کل برطانیہ جائینگے،بیٹے کی سالگرہ اور چندہ مہم میں حصہ لینگے
اسلام آباد(خصو صی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نئے سال کے آغاز پر ہی برطانیہ روانہ ہو رہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ 2 جنوری کو لندن پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کپتان اپنے دورہ برطانیہ کے دوران اپنے بیٹے کی سالگرہ میں شرکت کے علاوہ پشاور میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کی تعمیر کیلئے چندہ اکٹھا کرنے کی مہم کا حصہ بھی بنیں گے۔ با وثوق ذرائع نے روزنامہ پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ ساڑھے چار ماہ کے طویل عرصے کے بعد بالآخر عمران خان بیرون ملک کسی دورے پر روانہ ہو رہے ہیں اور اس دورے میں برطانیہ میں کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کریں گے۔دوسری جانب ان کی پارٹی تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں ہوئی مبینہ دھاندلی پر جاری مذاکرات بھی تیزی سے ناکامی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور باوثوق اطلاعات آ رہی ہیں کہ تحریک انصاف 17 دسمبر کو ملتوی کرنے والا احتجاج ماہ جنوری کے دوران دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کی باہمی مشاورت سے تیار کئے جانے والے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا بھی پوری طرح آغاز نہیں ہو سکا اور فوجی عدالتوں کے قیام پر ابھی بھی تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے تحفظات موجود ہیں۔انہی دنوں عمران خان اور برطانیہ کے معروف نشریاتی ادارے بی بی سی میں موسمیات کی خبریں پیش کرنے والی نیوز اینکر ریحام خان کی شادی کی خبریں بھی زبان زد عام ہیں اور تاحال دونوں شخصیات کی طرف سے ان اطلاعات کی کوئی باقاعدہ اور واضح تردید سامنے نہیں آ سکی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے بھی انہی اطلاعات پر مشتمل ایک خبر چھاپی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دو بچوں کے باپ اور سابق کرکٹر عمران خان نے تین بچوں کی ماں اور نیوز اینکر سے خفیہ طور پر شادی رچا لی ہے۔