سال نو کی آمد، ملک بھر میں منچلوں کی شدید ہوائی فائرنگ ،6افراد زخمی

سال نو کی آمد، ملک بھر میں منچلوں کی شدید ہوائی فائرنگ ،6افراد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور،اسلام آباد،کراچی ،کوئٹہ، پشاور (کرائم سیل،خصوصی رپورٹ)نئے سال کے استقبال میں منچلوں کی ہوائی فائرنگ سے شہر گونج اٹھے ،شہریوں کی خاصی تعداد شدید سردی کے باوجود سڑکوں پر نکل آئی،نوجوان ہلڑ بازی کرتے ہوئے ون ویلنگ کرتے رہے،پولیس اور رینجرز کے امن وامان کے دعوے ہو امیں اڑا دئیے گئے۔وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومت میں نئے سال کی آمد کیساتھ ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ہلڑ بازی شروع کردی ،نیو کراچی اور ملیر میں ہوائی فائرنگ سے 6افردا زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔لاہو ر میں مال روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر منچلوں کی خاصہ تعداد جمع ہو جانے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔مری کا مال روڈ بھی نوجوانوں سے بھر گیا۔نواب شاہ ،کوئٹہ ،ساہیوال شدید فائرنگ سے گونج اٹھے ۔ملک بھر میں رات کے وقت جشن کا سماں ہو گیا۔وفاقی دارالحکومت بھی پٹاخو ں کی آوازسے گونج اٹھا۔نیو ایئر نائٹ کے موقع لاہور کی تمام اہم شاہراہوںپر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔رات 12 کے بعد ہی لاہوریے نیو ایئر نائٹ منانے کے لیے شہر کی سڑ کوں پر نکل آئے ۔نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد لبرٹی چوک پر اکٹھی ہو گئی جبکہ پولیس حکام کی جانب سے لبرٹی ،مال روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔مال روڈ پر پولیس نے شراب نوشی کر کے گاڑی چلاتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔جبکہ پولیس ناکوں کے باوجود منچلوں کی بڑی تعداد شہر کی سڑکوں پر ٹولیوں کی صورت میں آزادانہ گھومتی ہوئی نظر آئی ۔منچلوں کی جانب سے سڑکیں بلاک کرنے کی وجہ سے کئی شاہراہوں پر بری طرح ٹریفک جام ہو گیا ۔لبرٹی چوک رات 12بجے کے بعد ہونے والے ٹریفک جام میں ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان بھی1گھنٹہ تک پھنسے رہے۔اسی طرح سے ریگل چوک پر بھی نوجوان رات گئے تک نئے سال کی آمد کا جشن مناتے رہے۔

مزید :

صفحہ اول -