پنجاب ،وزیر اعلیٰ نے ایڈ ہاک بنیادوں پر ڈاکٹر بھرتی کرنیکی اجازت دیدی

پنجاب ،وزیر اعلیٰ نے ایڈ ہاک بنیادوں پر ڈاکٹر بھرتی کرنیکی اجازت دیدی ...

  

      لاہور) جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے فوری طور پر ایڈہاک بنیادوں پر ڈاکٹروں کی بھرتی کی اجازت دے دی ہے- میڈیکل آفیسرز، ویمن میڈیکل آفیسرز اور سپیشلسٹ کیڈرز کی سینکڑوں خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے گی-یہ بات سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے اپنے آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی- اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت سلمان مفتی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹرزاہد پرویز، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عدنان ظفر، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن راجہ منصور اور دیگر افسران نے شرکت کی-ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے اجلاس کو بتایا کہ مذکورہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی بھرتیوں کے لئے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں اخبارات میں اشتہار بھی شائع کرایا جا رہا ہے- سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹیوں اور ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ضروری احکامات ارسال کردیئے جائیں- انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ایڈہاک بنیادوں پر بھرتیاں خالصتا میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں متعلقہ ضلع کے رہائشی ڈاکٹرز کو ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ پوری پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنے علاقے کے لوگوں کی خدمت کرسکیں- انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ضلع و تحصیل ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سینکڑوں خالی آسامیاں پر کرنے میں مدد ملے گی جس سے ان ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کی شکایت دور ہوگی اور مریضوں کی مشکلات کا ازالہ ہوگا-

جواد رفیق

مزید :

صفحہ آخر -