این ٹی ڈی سی نے 9 گرڈ سٹیشن تعمیر ،کئی سو کلو میٹر ٹرانسمیشن لائنز بھی مکمل کیں ،طاہر محمود

این ٹی ڈی سی نے 9 گرڈ سٹیشن تعمیر ،کئی سو کلو میٹر ٹرانسمیشن لائنز بھی مکمل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                         لاہور(کامرس رپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی لمیٹڈ) نے پچھلے چھ ماہ کے دوران ایک 500kv گرڈ سٹیشن اور آٹھ 220kv گرڈ سٹیشنز کی تعمیر مکمل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی سو کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز بھی مکمل کیں۔ جس سے ٹرانسمیشن نیٹ ورک، وولٹیج پروفائل میں بہتری اور لائن لاسز میں کمی ہو ئی۔ ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر طاہر محمود نے واپڈا ہاﺅس لاہور میں نیشنل مینجمنٹ کالج کے 15 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ نور سلام شاہ کی قیادت میں یہ وفد وفاقی اور صوبائی سول سروسز کے سینئر افسران پر مشتمل تھا۔انجینئر طاہر محمود نے وفد کو پاور سیکٹر اور این ٹی ڈی سی ایل کے دائرہ کار اور شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)، سسٹم آپریٹر، ٹرانسمیشن نیٹ ورک آپریٹر اور کنٹریکٹ رجسٹرار اینڈ پاور ایکسچینج ایڈمنسٹریٹر این ٹی ڈی سی کے مرکزی شعبے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی ایل پاور سیکٹر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس کا نیٹ ورک ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے اور اس وقت 500kv کے 13 گرڈ سٹیشنز، 220kv کے 35 گرڈ سٹیشنز، اسی طرح 500kv کی 5183 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائنز اور 220kv کی 9104 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائنز کو آپریٹ اور دیکھ بھال کر رہا ہے۔انجینئر طاہر محمود نے زیرتعمیر منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے ہائیڈرو پاور پلانٹ کے مکمل ہونے سے پہلے تعمیر کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائیڈل، ونڈ، سولر، نیوکلیئر اور کول پاور پراجیکٹس سے بجلی کی ترسیل کےلئے ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نیشنل پاور سسٹم ایکسپینشن پلان 2030ءبھی تشکیل دیا ہوا ہے۔ جس کو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشنز ایجنسی (جائیکا) کے کنسلٹنٹ کی مدد سے اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔ یہ پلان ملک سے انرجی بحران کے خاتمے اور مستقبل میں انرجی کی ضرورت کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرےگا جسے ملک کے وسیع تر مفاد میں ترتیب دیا گیا ہے۔وفد کے شرکاءکے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انجینئر طاہر محمود نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی ملک میں بجلی کی موجودہ پیداوار کو سپلائی کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے اور بلوچستان کو خضدار اور لورالائی گرڈ سٹیشنز کے ذریعے متبادل ذرائع بھی مہیا کر دیئے گئے ہیں۔ این ٹی ڈی سی ایل کی تنصیبات پر تخریب کاری اور دہشت گردوں کے حملوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی انجینئرز اور عملے نے اپنے فرائض منصبی نبھاتے ہوئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں۔بعدازاں ایم ڈی این ٹی ڈی سی انجینئر طاہر محمود اور وفد کے گروپ کوآرڈینیٹر نور سلام شاہ نے ایک دوسرے کو سووینیئرز پیش کئے۔ اس موقع پر جنرل منیجر پلاننگ پاور آر ایس ریحان، جنرل منیجر سی پی پی اے محمد ارشد چودھری، فنانس ڈائریکٹر حماد احمد، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر محمد گلزار شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
این ٹی ڈی سی

مزید :

صفحہ آخر -